لاہور:(ہیلتھ رپورٹر)صوبائی وزیرصحت خواجہ سلمان رفیق کی زیرصدارت محکمہ سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن میں سٹیئرنگ،ایڈوائزری کمیٹی برائے کارڈیووسکولر ڈیزیزکااہم اجلاس ہوا،اجلاس میں سیکرٹری صحت پنجاب عظمت محمودنے شرکت کی،اجلاس میں چیئرمین بورڈآف ڈائریکٹرزپی آئی سی پروفیسرفرقدعالمگیر، انمول کینسر ہسپتال لاہور سے پروفیسر محمد نمیر یونس، وائس چانسلر یونیورسٹی آف چائلڈ ہیلتھ سائنسز پروفیسر مسعود صادق اور پروفیسر زبیراکرم شامل تھے۔
سٹیئرنگ کمیٹی کے ممبران نے اجلاس کے دوران مختلف ایجنڈازپر اہم فیصلے کئے،اجلاس کے دوران نواز شریف انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی سرگودھا کا بھی تفصیلی جائزہ لیا گیا،صوبائی وزیرصحت خواجہ سلمان رفیق نے کہا اجلاس کے دوران پنجاب میں کارڈیووسکولر بیماریوں کا شکار مریضوں کو بہترین طبی سہولیات فراہم کرنے کیلئے مختلف اقدامات کا جائزہ لیا گیا ہے،وزیراعلیٰ مریم نواز صوبہ بھر کے کارڈیالوجی ہسپتالوں کی صلاحیت میں واضح بہتری لانا چاہتی ہیں، وزیر اعلیٰ کے کارڈیک پروگرام کو کامیاب بنائیں گے، چیف منسٹرز چلڈرن ہارٹ سرجری پروگرام کے عوام کو بہترین ثمرات حاصل ہو رہے ہیں۔
مزید برآں صوبائی وزیر صحت و چیئرمین کابینہ کمیٹی برائے امن و امان خواجہ سلمان رفیق کی زیر صدارت محکمہ داخلہ میں ایس سی سی ایل او کا 19 واں اجلاس ہوا، متعلقہ افسران نے صوبہ بھر کے امن و امان کی صورتحال پر بریفنگ دی، کابینہ کمیٹی نے عام انتخابات 2024 میں پنجاب سیف سٹی اتھارٹی کی جانب سے انتہائی حساس پولنگ سٹیشنز پر تنصیب شدہ سی سی ٹی وی کیمروں کی خریداری کے واجبات کی منظوری دےدی، چیئرمین کابینہ کمیٹی و وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق نے کہا پنجاب میں امن و امان کو یقینی بنانے پر پنجاب پولیس و دیگر اداروں کی کاوشیں لائق تحسین ہیں۔
وزیر اعلیٰ کے کارڈیک پروگرام کو کامیاب بنائیں گے: سلمان رفیق



















