احتجاج عدالتی حکم عدولی،عمران کو سیاسی انتقام کا نشانہ نہیں بنایا جارہا ہے:وفاقی وزرا

اسلام آباد (بیورورپورٹ) وفاقی وزراءاحسن اقبال اور عطا تارڑ نے کہا ہے پی ٹی آئی کا احتجاج عدالتی حکم عدولی،عمران کو سیاسی انتقام کا نشانہ نہیں بنایا جارہا ہے، پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیر اطلاعات عطا تارڑ نے کہا پرتشدد جتھے اسلام آبادپر حملہ آور ہوئے، ہم نے مظاہرین کو سنگجانی میں احتجاج کی پیشکش کی تھی، پی ٹی آئی کے عزائم پرامن احتجاج کے نہیں تھے، مظاہرین کی جانب سے ایسے موقع پر پرتشدد احتجاج کیا گیا جب بیلاروس کا وفد دورہ پاکستان پر تھا، شرپسندوں کے حملوں سے رینجرز اور پولیس کے اہلکار شہید ہوئے ،شہداءکا لہو کس کے ہاتھ پر تلاش کریں؟ ، سوشل میڈیا پر ہلاکتوں کی جعلی فہرست شیئر کی جارہی ہے، اگر کوئی ہلاکت ہوئی ہے تو ثبوت پیش کریں، گرفتار کیے جانے والے مظاہرین میں افغان باشندے بھی شامل ہیں، سوال یہ ہے افغان باشندوں کو احتجاج میں شامل کیوں کیا گیا؟ بانی پی ٹی آئی ہمیشہ طالبان کے ہمدرد رہے ہیں، ملک میں دہشت گردی کا ذمہ دار صرف ایک شخص ہے جو تشدد کو فروغ دے رہا ہے، وفاقی وزیر احسن اقبال نے کہا پرتشدد احتجاج کے حوالے سے پی ٹی آئی کا ٹریک ریکارڈ ہے، پی ٹی آئی مظاہرین نے پولیس اوررینجرز اہلکاروں پر تشدد کیا، پی ٹی آئی نے ایس سی او کانفرنس کو سبوتاژ کرنے کی بھی کوشش کی ، کسی بھی جمہوری ملک میں ایسے پرتشدد احتجاج کی اجازت نہیں دی جاسکتی، پرتشدد احتجاج کیلئے خیبرپختونخوا کے سرکاری وسائل کا استعمال کیا گیا، 9مئی کو بھی پی ٹی آئی سلامتی کے اداروں کی تنصیبات پر حملہ آور ہوئی تھی، اس شخص کی رہائی کیلئے احتجاج کیا گیا جس پر بدعنوانی کے سنگین الزامات ہیں، پرتشدد احتجاج بانی پی ٹی آئی کی مقدمات کے ٹرائل سے فرار کی کوشش ہے،احسن اقبال نے مزیدکہا بانی پی ٹی آئی کو سیاسی انتقام کا نشانہ نہیں بنایا جارہا،پی ٹی آئی دعویٰ کررہی تھی بانی کی رہائی تک احتجاج ختم نہیں کیا جائےگا، احتجاج کے نام پر جو کچھ کیا گیا مہذب معاشرہ برداشت نہیں کرسکتا،ادھر نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا پی ٹی آئی کو چیک کرنا چاہیے بشریٰ کہیں دو نمبر گیم تو نہیں کھیل گئیں،سنگجانی میں بیٹھنے پر بانی پی ٹی آئی اور پارٹی لیڈرشپ راضی تھی،حکومت کو تو بشریٰ کا تہہ دل سے مشکور ہونا چاہیے، بشریٰ کی ضد پر کے پی سے آنے والے ڈی چوک پر حملہ آور ہوئے اور پھر کپڑے، گاڑیاں اور جھنڈے چھوڑ کر فرار ہو گئے، بشریٰ فرار ہوگئیں، گنڈاپور کارکنان کے ہاتھوں سارا دن رل گئے، پی ٹی آئی کی کمٹمنٹ برباد ہوگئی۔