لاہور (کرائم رپورٹر) انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے کہاہے کہ چینی و غیر ملکی شہریوں اور ماہرین کی فول پروف سکیورٹی کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں۔ سپروائزری افسران حساس دفاتر اور سی پیک ورکنگ سائٹس سمیت مقامات کے سکیورٹی انتظامات کی سرپرائز انسپکشن یقینی بنائیں۔ آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے ہدایت کی کہ چالانوں کی بروقت تکمیل کے ساتھ ساتھ زیر التوا چالانوں کی شرح میں خاطر خواہ کمی یقینی بنائی جائے۔ آئی جی پنجاب نے کہاکہ سموگ کی صورتحال کے پیش لاہور سمیت تمام اضلاع میں کریک ڈاو¿ن کو مزید موثر اور تیز بنایا جائے۔ فصلوں کی باقیات، کوڑا کرکٹ جلانے، فیکٹریوں، بھٹوں اور زیادہ دھواں چھوڑنے والی گاڑیوں کے خلاف کاروائیوں میں تیزی لائی جائے۔ ڈاکٹر عثمان انور نے تاکید کی کہ پولیس خدمت مراکز اور تحفظ و میثاق سنٹرز سمیت کمیونٹی پولیسنگ کے تمام پراجیکٹس سے زیادہ سے زیادہ شہریوں کو ریلیف فراہم کیا جائے۔دریں اثناءآئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے پولیس ٹریننگ کالج چوہنگ کا دورہ کیا اور زیر تربیت خواتین و افسران کو پروفیشنل کیرئیر کے چیلنجز، ذمہ داریوں سے آگاہ کیا اس موقع پر کمانڈنٹ پولیس ٹریننگ کالج چوہنگ محبوب اسلم للہ اور سینئر افسران موجود تھے۔ آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے کہا کہ چوہنگ ٹریننگ کالج میں پروفیشنل کیریئر کے چیلنجز سے نبردآزما ہونے کیلئے بہترین ٹریننگ و گرومنگ فراہم کی جا رہی ہے اور تربیت مکمل کرنے والے افسران واہلکار پروفیشنل زندگی میں مظلوم کا ساتھ دینے اور ظالم کا ہاتھ روکنے کا عہد کریں۔ آئی جی پنجاب نے مزیدکہاکہ پنجاب پولیس کی تاریخ میں سب سے بڑی 12 ہزار سے زائد بھرتیاں، 26 ہزار پروموشنز کی گئی ہیں اور دستیاب وسائل کے موثر استعمال سے پولیس فورس کو مزید بنانے کیلئے ہر ممکن اقدامات جاری رہیں گے۔ آئی جی پنجاب نے ٹریننگ کالج میں زیر تکمیل مختلف شعبوں کا دورہ بھی کیا اور زیر تربیت افسران واہلکاروں کیلئے دستیاب سہولیات کا جائزہ لیا۔
سموگ کیخلاف کریک ڈاﺅن موثر بنایا جائے: آئی جی پنجاب

















