ٹیچنگ ہسپتالوں میں ایجنٹ مافیا کا راج،انتظامیہ آرتھو پیڈکس وارڈز پروفیسر ز کے آگے بے بس، عوام پریشان

لاہور (مقصود خالد) لاہور کے ٹیچنگ ہسپتالوں کے آرتھو پیڈک وارڈز میں ایجنٹ مافیا کا راج، ہسپتال انتظامیہ آرتھو پیڈکس وارڈز کے پروفیسر ز کے آگے بے بس، سیکرٹری صحت عوام کو سہولیات فراہم کرنے میں ناکام ہوگئے۔ تفصیلات کے مطابق پنجاب کے دارالخلافہ لاہور جس کی آبادی تقریباً 14 کروڑ کے قریب ہے، لاہور کے 9 ٹیچنگ ہسپتالوں میں ایجنٹوں کا راج، ہسپتالوں میں انتظامی عہدوں پر فائز افسران سینئر پروفیسرز کے آگے بے بس دکھائی دینے لگے۔ پنجاب حکومت کی طرف سے مفت سہولیات فراہم کرنے کا وعدہ جو وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے پنجاب اسمبلی کے ایوان میں اپنی تقاریر میں میں اکثر کیا کہ ہم سرکاری ہسپتالوں میں غریب عوام کو مفت سہولیات فراہم کریں گے مگر نئے تعینات ہونیوالے سیکرٹری صحت نے مستحق عوام کو ملنے والی بنیادی سہولیات فراہم نہ کرکے انکے دعوﺅں کو بے بنیاد ثابت کردیا۔ اسوقت میوہسپتال، سروسز ہسپتال، جنرل ہسپتال، گنگا رام ہسپتال، جناح ہسپتال، شاہدرہ ہسپتال، گورنمنٹ کوٹ خواجہ سعید ہسپتال، میاں منشی سمیت دیگر سرکاری ہسپتالوں میں آرتھو پیڈکس کے پروفیسر صاحبان نے من پسند ایجنٹ حضرات کو غیرقانونی طور پر وارڈز میں سرجیکل ایمپلانٹس بیچنے والوں کو کمیشن کے عوض رسائی دے رکھی ہے کہ انکے آگے ہسپتالوں میں انتظامی عہدوں پر تعینات بشمول پرنسپل بھی بے بس ہیں، پاکستان میں بننے والے والے سرجیکل ایمپلانٹس مہنگے داموں فروخت کئے جارہے ہیں، ان میں دو ہول سے لیکر آٹھ ہول اسٹمور راڈ شکنجہ، ٹوٹل ہیپ، جوائنٹ ڈرل بیٹ کا سامان جو 100 روپے میں سیالکوٹ، وزیر آباد، گوجرانوالہ سے خرید کر ایجنٹ حضرات غریب کو روزانہ کی بنیاد پر لاکھوں روپے کا روپے کا چونا لگا رہے ہیں مگر محکمہ صحت خاموش تماشائی بن کر پنجاب حکومت کو بدنام کرنے کی سازشوں میں مصروف ہے۔ سابق دور حکومت کی طرح عوام کو صرف لالی پاپ دیا جا رہا ہے۔ ذرائع نے یہ بھی بتایا کہ مریضوں کے آپریشن کے بعد وارڈ میں ایجنٹ حضرات آتے ہیں اور غریب مریضوں سے منہ مانگے پیسوں کا تقاضا کرتے ہیں، یہاں تک کہ بے شمار مریضوں کے ساتھ جھگڑا بھی ہوجاتا ہے۔ سوال یہ ہے کہ آخر کب تک کمیشن مافیا کو کھلی چھوٹ دی جائیگی۔ اس سلسلے میں سپیشل سیکرٹری صحت طارق محمود سے بات کی گئی تو انہوں نے کہا کہ اس بات کا سختی سے نوٹس جائیگا، ہم عوام کی خدمت کیلئے بیٹھے ہیں۔