250بیڈز پر مشتمل پی آئی سی ٹو بننے سے مریضوں کا دباو کم ہوگا،مریم نواز
لاہور:(اپنے رپورٹر سے،ہیلتھ رپورٹر)وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کینال کے قریب زیر تکمیل پی آئی سی ٹو ہسپتال کادورہ کیا اور تعمیرات کا جائزہ لیا،مریم نوازنے مختلف شعبوں میں جاری تعمیراتی سرگرمیاں دیکھیں، تعمیراتی میٹریل و دیگر امور کا بھی جائزہ لیا۔
مریم نواز نے پی آئی سی ٹو کو جلد فنکشنل کرنے کےلئے اقدامات کی ہدایت کرتے ہوئے کہاپی آئی سی ٹو بننے سے پنجاب انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی پر مریضوں کا دباو کم ہوگا، ہر ڈسٹرکٹ میں کارڈیالوجی کی مکمل سہولتوں کی فراہمی کے پلان پر عمل درآمد شروع ہو چکا ،چلڈرن ہارٹ سرجری کےلئے کارڈ سسٹم متعارف کرانے سے سینکڑوں بچوں کے آپریشن آسانی سے ہوچکے ہیں، پنجاب انفراسٹرکچر ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے سی ای او شاہ میر اقبال نے تفصیلی بریفنگ دی۔
وزیراعلیٰ نے شاہ میر اقبال کوشاباش دی اور ڈیزائن کو مزید بہتر بنانے کی ہدایت کرنے کےساتھ پی آئی سی ٹو پراجیکٹ کےلئے درکار مشینری کی فراہمی یقینی بنانے کا حکم دیا،بریفنگ میں بتایا گیا پنجاب انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی ٹو پراجیکٹ 250بیڈز پر مشتمل ہوگا ، پی آئی سی ٹو میں جدید ترین ہائبرڈ آپریشن تھیٹر بھی بنائے جائیں گے ،پی آئی سی ٹو میں ایمرجنسی، سرجیکل اورمیڈیکل آئی سی یوبھی بنیں گے۔



















