مزارات پر سکیورٹی کے ناقص انتظامات، دہشت گردی کا خطرہ، شہریوں میں خوف و ہراس

لاہور(اپنے نمائندے سے) ملک میں دہشت گردی کے خطرات کے باوجود اوقاف پنجاب انتظامیہ شہر سمیت پنجاب بھر کے مزارات پر سیکورٹی کے ناقص انتظامات کے باعث دہشت گردی کا خدشہ بڑھ گیا، بڑے پیمانے پر جانی و مالی نقصان کا امکان بی بی پاکدامن و دیگر مزارات پر حفاظتی اقدامات زیرو زائرین میں خوف و ہراس دیکھنے میں آرہا ہے۔ اوقاف انتظامیہ کی جانب سے شہر میں بڑے مزارات پیر مکی اور بی بی پاکدامن و دیگر دربارز پر سیکیورٹی انتظامات نہیں کئے جا سکے جس سے دہشت گردی کا نا خوشگوار واقعہ پیش آسکتا ہے اور بڑے پیمانے پر جابی و مالی نقصان کے سبب بن سکتا ہے۔ صوبہ بھر میں 547کے قریب مزارات 437مساجد اور 72کے قریب مدارس پر محکمہ اوقاف پنجاب انتظامیہ کی طرف سے سیکیورٹی انتظامات نہ ہونے کے برابر ہیں جس کی وجہ سے کسی بھی وقت ناخوشگوار واقعہ پیش آ سکتا ہے جس سے بڑے پیمانے پر انسانی جانوں کے ضیاع اور مالی نقصان کا خطرہ بڑھ گیا ہے۔ پنجاب کے مختلف اہم شہروں میں 100کے قرین ایسے مزارات ہیں جن پر یومیہ کی بنیاد پر کثیر تعداد میں زائرین حاضری کیلئے آتے ہیں۔ ان پر اوقاف انتظامیہ کی جانب سے عرس کے ایام میں ہی سکیورٹی و دیگر انتظامات کو فول پروف بنانے کی کوشش کرتی ہے جبکہ عام ایام میں ان مزارات سمیت دیگر مساجد اور مدارس پر سیکورٹی برائے نام تعینات کر رکھی ہے جس سے موجودہ خراب حالات میں کوئی بھی دہشت گرد با آسانی ان مقامات پر با آسانی حملہ کرکے انسانی جانوں کو نقصان پہنچا سکتا ہے۔ ان اہم مقامات کے خارجی اور داخلی راستوں پر کسی قسم کے سیکورٹی انتظامات نہیں کئے جا سکے جو کہ محکمہ اوقاف انتظامیہ کی نا اہلی کا منہ بولتا ثبوت ہے، اس حوالے سے زائرین میں خوف و ہراس دیکھنے میں آرہا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ اوقاف انتظامیہ کو صرف اور صرف نذرانہ کی رقم حاصل کرنے کی پڑی ہوتی ہے زائرین کے جان ومال کو تحفظ فراہم کرنے کی خاطر کسی قسم کے انتظامات نہیں کئے گئے چند ایک اہلکار دیکھنے میں آتے ہیں لیکن وہ بھی برائے نام ہیں کسی بھی زائر کو مزار میں داخل ہونے کے وقت چیک نہیں کیا جاتا جس سے کسی وقت بھی ناخوشگوار واقعہ پیش آسکتا ہے جس کے نتیجہ میں کثیر تعداد میں انسانی جانوں کے ضیاع کا خدشہ ہے۔ اوقاف ترجمان کا کہنا ہے کہ تمام اہم مزارات پر ضرورت کے مطابق سکیورٹی انتظامات کر رکھے ہیں۔ زائرین کی جان و مال کو تحفظ فراہم کرنے میں کسی قسم کی کوتاہی نہیں کی جا رہی سکیورٹی انتظامات پہلے سے ہی بہتر ہیں۔