پاکستان کو ایٹمی قوت بنانے میں سعودی عرب کا کلیدی کردار ہے: علامہ طاہر اشرفی

کراچی (بیورو رپورٹ) چیئرمین پاکستان علماءکونسل علامہ طاہر محمود اشرفی نے کہا ہے کہ پاکستان کو ایٹمی قوت بنانے میں سعودی عرب کا کردار کلیدی ہے۔ کراچی میں ”پاک سعودی تعلقات: ماضی، حال اور مستقبل“ کے عنوان سے منعقدہ تقریب سے خطاب میں علامہ طاہر محمود اشرفی نے کہا کہ ہر مشکل وقت میں پاکستان، سعودی عرب ایک جگہ کھڑے ہیں۔انہوں نے کہا کہ آج پاکستان ایٹمی قوت ہے تو سعودی عرب کا کلیدی کردار ہے۔ ہمارے مسائل میں مملکت سعودی عرب ہمارے ساتھ کھڑی ہے، آج ہم معاشی طور پر مشکل موڑ پر کھڑے ہیں۔ چیئرمین پاکستان علماءکونسل نے مزید کہا کہ پاکستان کمزور نہیں، مضبوط ترین فوج رکھتا ہے، پوچھتا ہوں اگر ہم آج ایٹمی قوت نہیں ہوتے تو کیا اسرائیل ہمیں چھوڑتا؟انکا کہنا تھا کہ مسئلہ فلسطین پر روس، چین، سعودی عرب ساتھ کھڑے ہوں، مفتی اعظم روس نے کہا آپ کا پیغام پہنچ گیا، پیوٹن نے کہا ہے کہ فلسطین معاملے پر سعودی عرب کے ساتھ ہیں۔علامہ طاہر محمود اشرفی نے یہ بھی کہا کہ سعودی عرب فلسطین کے مسئلے پر عالمی اتحاد بنا رہا ہے، تین بڑے ممالک کے سربراہان آرہے ہیں، جو فلسطین کی بات کریں گے۔انہوں نے کہا کہ اسلام آباد میں دھرنا دینے والے یہ نہیں چاہتے کہ چین اور روس کے سربراہان اور شنگھائی کانفرنس کے لوگ یہاں آئیں۔انہوں نے مزید کہا کہ آپکی موجودہ قیادت، آرمی چیف، وزیر اعظم نے کہا کہ ہمیں امداد نہیں سرمایہ کاری چاہئے، جہاں ہم سعودی عرب سے آنے والے کو سہولت دیتے ہیں، وہاں اپنے کاروباری لوگوں کیلئے بھی سہولیات فراہم کی جائیں۔انکا کہنا تھا کہ روس، چین اور سعودی عرب ملکر کوشش کریں تو وہ وقت دور نہیں جب ہم نماز مسجد الاقصٰی میں ادا کریں گے۔ روسی ہوں، سعودی ہوں یا شنگھائی کے ہوں، یہ سب پاکستان کے مہمان ہیں وزیر اعظم یا آرمی چیف کے نہیں۔علامہ طاہر محمود اشرفی نے کہا کہ حاجیوں کی شکایت میں بہت کمی آئی ہے، 90 ہزار حاجیوں کی صرف 14 شکایات تھیں۔انہوں نے کہا کہ سعودی عرب کے ویژن2030 سے پوری مسلم امہ مستفید ہوسکتی ہے۔