اسلام آباد: ( ) چیئرمین پی پی بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے حکومت کے پاس نمبرز پورے ہیں تاہم تمام جماعتوں سے مشاورت چاہتی ہے۔
میڈیا سے گفتگو میں بلاول بھٹو زرداری نے کہا پارلیمانی کمیٹی کا تفصیلی اجلاس ہوا۔ پیپلز پارٹی کا مسودہ کمیٹی میں پیش کیا۔ حکومت نے وکلا تنظیموں کے ساتھ ہونے والی مشاورت اور تجاویز سے آگاہ کیا۔
چئیرمین پی پی پی نے کہا اپوزیشن جماعتوں نے بھی آئینی ترمیم پر تبصرہ کیا۔ فضل الرحمن نے پیپلز پارٹی کے ساتھ مل کر متفقہ مسودہ تیار کرنے کا عزم دہرایا۔ امید ہے اپوزیشن جماعتوں کے ساتھ بامعنی گفتگو ہو گی۔ حکومت بھی پر عزم ہے۔ وزیر قانون نے واضح کیا 2 تہائی اکثریت کے لیے نمبر پورے ہیں تاہم حکومت نمبر پورے ہونے کے باوجود تمام جماعتوں سے مشاورت چاہتی ہے۔
بلاول بھٹو زرداری نے کہا حکومت اپنا زور لگانے کے بجائے اتفاق رائے چاہتی ہے۔ پوری کوشش ہو گی تمام جماعتوں سے مشاورت کر کے متفقہ مسودہ لا سکوں اگر اتفاق رائے نہ ہوا تو حکومت کا موقف وقت ضائع نہ کیا جائے درست ہو گا-
حکومت اپنا زور لگانے کے بجائے اتفاق رائے چاہتی ہے:بلاول بھٹو
















