اسلام آباد،پشاور،کراچی:(بیورورپورٹ)آئینی عدالت کی بجائے5یا6رکنی بنچ،حکومت نے فضل الرحمن کی تجاویز مان لیں،پارلیمنٹ کے دونوں ایوانوں کا اجلاس ایس سی او سربراہ کانفرنس کے بعد بلانے کا فیصلہ کرلیا گیا۔
پارلیمانی ذرائع کے مطابق فضل الرحمن آئینی ترامیم پر اپنا مسودہ 2 سے 3روز میں حکومتی ٹیم کے حوالے کرینگے،پیپلز پارٹی ،ن لیگ کی قانونی ٹیم اپنا مسودہ جے یو آئی سے شیئر کرے گی،فضل الرحمن نے مجوزہ آئینی ترامیم پرمشروط رضا مندی ظاہر کردی،ججز تقرری کے طریقہ کار سمیت دیگر امور پر ترامیم بعد میں لائی جائیں گی۔
سربراہ جے یو آئی نے تجویز دی آئینی عدالت کی بجائے آئینی بنچ تشکیل دیا جائے جو 5 یا 6 ججز پر مشتمل ہو،فضل الرحمن کی تجاویز آئینی ترامیم کے مسودے میں شامل کیے جانے کا امکان ہے جبکہ جے یو آئی نے اپنا مجوزہ آئینی ترمیم کا80فیصد مسودہ تیار کرلیا،حکومت کے بلوچستان نیشنل پارٹی کے سربراہ سردار اختر مینگل سے بھی رابطے جاری ہیں، امکان ہے سینٹ میں اختر مینگل جماعت کے دونوں ووٹ حکومت کو ملیں گے۔
دریں اثنا وفاقی حکومت نے آئینی ترامیم پریک بار پھر ہوم ورک مکمل کرلیا، پارلیمان کا مشترکہ اجلاس 18 اکتوبر کو بلایاجائےگا،وزارت پارلیمانی امور نے سمری تیار کرلی،قومی اسمبلی ،سینٹ کے اجلاس الگ الگ بلائے جائیں گے، اہم آئینی ترمیم لائی جائیں گی۔
ادھر ایوان صدر اسلام آباد میں ہونے والی بڑی ملاقات کی اندرونی کہانی سامنے آ گئی،آئینی ترمیم، ملک کی سیاسی صورتحال اور ایس سی او کانفرنس پر مشاورت کی گئی،فضل الرحمن نے کہا موجودہ وقت میںجمعیت کی مرکزی تنظیم موجود نہیں صرف میں اور غفور حیدری عہدہ رکھتے ہیں، تنظیم کے بغیر اکیلا فیصلہ نہیں کر سکتا،مجوزہ ترمیم کےلئے 80 فیصد مسودہ تیار کر لیا، جلد مذاکراتی ٹیم کے حوالے کردیں گے۔
ذرائع کے مطابق آصف زرداری ،نواز شریف نے فضل الرحمن کو ساتھ لے کر چلنے کی یقین دہانی کرائی اور جمہوریت کے فروغ کےلئے کوششوں کوسراہا،ملاقات میں طے ہوا مجوزہ آئینی ترمیم کے مشترکہ مسودے کو ترجیح دی جائے گی، (ن) لیگ ،پیپلز پارٹی کی ٹیم رواں ہفتے دوبارہ جے یو آئی کی ٹیم سے مشاورت کرے گی،صدر مملکت آصف زرداری نے کہا ملک نازک صورتحال سے گزر رہا ہے ،سب کو مل کر کام کرنا ہوگا۔
دوسری جانب پی ٹی آئی نے مجوزہ آئینی ترامیم کےخلاف پشاور ہائی کورٹ میں درخواست دائر کردی، عدالت نے وفاق کو نوٹس جاری کردیا، پی ٹی آئی ایم این شاندانہ گلزار اور ترجمان معظم بٹ ایڈووکیٹ نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا آئین کو تبدیل کرنے کا خطرناک کھیل کھیلا جارہا ہے، پارلیمان مکمل نہیں، آئینی ترامیم کوئی سیاسی جماعت نہیں ،اسٹیبلشمنٹ کرا رہی ہے،حکمرانی کرنے کا حق کس کو ہے؟ سوال ایک عرصے سے جواب طلب ہے، فوج کا کام سرحدوں کا دفاع کرنا ہے اور آئین کا دفاع سیاست دان کریں گے، ملکی صورتحال انتہائی خراب ہے اور یہ ترامیم کے پیچھے لگے ہیں ،عدلیہ کے حالات ایسے ہیں انصاف ہوتا ہوا نظر نہیں آرہا ،آئین و قانون کے مطابق تمام حالات کا مقابلہ کریں گے۔
شاندانہ گلزار نے کہا ملک میں چند دنوں سے ہونے والی فسطائیت فلسطین ،کشمیر میں بھی نہیں دیکھی، نامکمل ایوان کے باوجود صدر تک کا الیکشن ہوا ، وفاق ،پنجاب میں جعلی حکومتیں بنائی گئیں، قومی اسمبلی سے ایم این ایز کو اٹھا کر لے گئے پھر بھی ایوان میں بیٹھے۔
سینٹ میں قائد حزب اختلاف سینیٹر شبلی فراز نے کہا آئینی ترامیم کرکے آئین کا حلیہ بدلنے کی بھونڈی کوشش کی جارہی ہے، آئین جیسی دستاویز کو پامال نہیں کرسکتے، مجوزہ ترامیم غیر قانونی ہوں گی، آئین کا حلیہ بدلنے کےساتھ سیاسی جماعتوں کے سر کاٹے جارہے ہیں۔
دریں اثناسندھ ہائیکورٹ بار ایسو سی ایشن کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے سابق صدر مملکت عارف علوی نے کہا پارلیمنٹ کو آئین میں ترمیم کا حق ہے لیکن صحیح طریقہ کار پر عمل کیا جائے،جوڈیشری کےساتھ جو کچھ ہو رہا ہے وہ سیاسی ہے، اپنے بچوں کی کیا تربیت کریں گے جہاں قانون و انصاف نہیں ہوگا، 16 لاکھ پڑھے لکھے بچے ملک سے باہر چلے گئے،عدلیہ کے اندر تبدیلی لانی ہے تو پھر ماتحت عدالتوں میں لے کر آئیں۔
عارف علوی نے کہا حکومتی گھٹنے جواب دے گئے ،شخصی تبدیلیاں کبھی نہیں چلیں گی،فلسطین کے معاملے پر پی ٹی آئی پیچھے ہٹی نہ ہی ہٹے گی،امن خراب کرنے والوں سے کوئی سوال کیوں نہیں کرتا؟9 مئی سے پہلے کسی کو پتہ ہی نہیں تھا جناح ہاو¿س کیا ہے۔
مزید برآںپاکستان بار کونسل نے آئینی عدالت کے قیام پروفاقی حکومت کے مو¿قف سے اتفاق کرتے ہوئے تحریری تجاویز بجھوا دیں۔
وفاقی حکومت کو ارسال کردہ تجاویز میں کہا گیاآرٹیکل 63 اے میں لکھا جائے ووٹ شمار ہوگا اور پارٹی ہدایت کے برخلاف ووٹ ڈالنے والے رکن کی نااہلی 5 سال کی جائے،آرٹیکل 175 اے کے تحت جوڈیشل کمیشن کے اراکین میں ہائی کورٹ کے ججوں کی تعیناتی کےلئے چیف جسٹس متعلقہ ہائی کورٹ، سینئر جج ہائی کورٹ، صوبائی وزیر قانون اور صوبائی بار کے نمائندے کو شامل کیا جائے، ہائی کورٹ کے چیف جسٹس کی تقرری کا معاملہ ہو تو ہائی کورٹ کے سینئر جج کو بطور ممبر شامل نہ کیا جائے۔
پاکستان بار کونسل نے چیف جسٹس پاکستان اور ہائی کورٹ کے چیف جسٹس کےلئے 3،3سینئر ججوں کے ناموں پر غور کی تجویز دیتے ہوئے کہاوفاقی آئینی عدالت کے قیام کے معاملے پرپر صدارتی آرڈر کے ذریعے تبدیلی کی شق حذف کی جائے، وفاقی آئینی عدالت کے سربراہ کا تقرر 3سال اور ریٹائر منٹ کی عمر 68 سال کی جائے ،ہائی کورٹ میں جج کی تعیناتی عمر کی شرط 45 سال رکھی جائے،وفاقی آئینی عدالت کو انصاف کے تقاضوں کے تحت آرٹیکل 199 کے مطابق ہائی کورٹ سے ایک کیس دوسری ہائی کورٹ منتقل کرنے کا اختیار دیا جائے۔
علاوہ ازیں سپریم کورٹ میں مجوزہ آئینی ترامیم کیخلاف ایک اور درخواست دائر کر دی گئی،ایڈووکیٹ صائم چودھری نے حکومت، سپیکر قومی اسمبلی اور چیئرمین سینٹ سمیت دیگر کو فریق بنایا گیا ،درخواست میں موقف اختیار کیا گیا وفاقی حکومت آئین سے متصادم ترامیم نہیں کر سکتی، ترامیم عدلیہ کی آزادی سلب کرنے کے مترادف ہے، خلاف آئین اور کالعدم قرار دیا جائے۔
آئینی عدالت کی بجائے بنچ،حکومت نے فضل الرحمن کی تجاویز مان لیں
















