دلجیت دوسانجھ کے کنسرٹ میں ہانیہ عامر کی انٹری

لندن (مشرق نیوز) بھارتی فلم انڈسٹری کے معروف پنجابی گلوکار و اداکار دلجیت دوسانجھ نے اپنے لائیو کنسرٹ میں پاکستانی اداکارہ ہانیہ عامر کو سٹیج پر مدعو کیا۔بھارتی میڈیا کے مطابق گزشتہ کچھ دنوں سے دلجیت دوسانجھ برطانیہ میں موجود ہیں جہاں وہ مختلف شہروں میں میوزک کنسرٹس کررہے ہیں۔گلوکار کے کنسرٹس کی ویڈیوز بھی سوشل میڈیا پر وائرل ہورہی ہیں، جن میں سے ایک ویڈیو میں دلجیت کے ہمراہ اداکارہ ہانیہ عامر کو بھی دیکھا جاسکتا ہے۔مذکورہ وائرل ویڈیو دلجیت دوسانجھ کے لندن میں ہونے والے حالیہ کنسرٹ کی ہے، اس کنسرٹ میں پاکستانی اداکارہ ہانیہ عامر نے بھی بطورِ مداح شرکت کی تھی۔ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ جب دلجیت دوسانجھ کو کنسرٹ میں ہانیہ عامر کی موجودگی کا علم ہوتا ہے تو وہ اداکارہ کو سٹیج پر مدعو کرتے ہیں۔دلجیت دوسانجھ، ہانیہ عامر سے مخاطب ہوتے ہوئے کہتے ہیں کہ آپ سپر سٹار ہیں، براہِ کرم! سٹیج پر تشریف لائیں۔ہانیہ عامر مداحوں کی بھرپور تالیوں میں سٹیج پر جاتی ہیں تو گلوکار ان کیلئے گلوکاری کرتے ہیں اور پھر اداکارہ بھی دلجیت سمیت تمام مداحوں کی حوصلہ افزائی کا شکریہ ادا کرتی ہیں۔دلجیت دوسانجھ کہتے ہیں کہ ہانیہ جی!آپ بہت اچھا کام کرتی ہیں، میں آپ کے ڈرامے بڑے ہی شوق سے دیکھتا ہوں۔بھارتی گلوکار نے کہا کہ آپ میری دعوت پر سٹیج پر آئیں، اس کیلئے آپ کا بہت بہت شکریہ۔