واشنگٹن (مشرق نیوز) امریکی صدر جو بائیڈن نے واضح کیا ہے کہ اسرائیل پر بیلسٹک میزائل حملوں کے جواب میں ایران کی جوہری تنصیبات پر کسی بھی اسرائیلی حملے کی حمایت نہیں کریں گے۔ غیر ملکی خبررساں ادارے رائٹرز کے مطابق وائٹ ہاوس سے جاری ہونے والے بیان میں کہا گیا ہے کہ امریکی صدر جوبائیڈن نے اسرائیل پر زور دیا ہے کہ وہ اپنے علاقائی دشمن کے خلاف ’متناسب‘ کارروائی کرے۔
وائٹ ہاوس کے مطابق ایران کی جانب سے اسرائیل پر حملے کے بعد امریکی صدر نے جی سیون ممالک کے سربراہان مملکت کے ساتھ ٹیلیفون پر گفتگو کے دوران ایران کے خلاف نئی اقتصادی پابندیاں لگانے پر اتفاق کیا ہے، جس پر جلد ہی عملدرآمد کیا جائیگا۔
جو بائیڈن کا کہنا تھا کہ ایران کی جوہری تنصیبات پر اسرائیلی حملوں سے خطے میں خوفناک صورتحال پیدا ہوسکتی ہے جب کہ امریکا کے علاوہ کینیڈا، جرمنی، جاپان، برطانیہ، فرانس اور اٹلی بھی ایران کی جوہری تنصیبات پر حملے کے حق میں نہیں ہیں۔
وائٹ ہاوس سے جاری بیان کے مطابق جی سیون ممالک کے سربراہان نے مشرق وسطیٰ کے بحران پر ’سخت تشویش‘ کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ خطے میں جنگ روکنے کیلئے سفارتی حل اب بھی قابل عمل ہے تاہم خطے میں وسیع تنازع کسی کے مفاد میں نہیں۔ چین نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ مشرق وسطیٰ میں تنازع کو کم کم کرنے کیلئے ’فوری اقدامات‘ کرے۔
اقوام متحدہ میں چین کے مستقل نمائندے فو کانگ نے سلامتی کونسل کی بریفنگ کے دوران کہا کہ بین الاقوامی امن اور سلامتی کی بحالی کی بنیادی ذمہ داری سلامتی کونسل پر عائد ہوتی ہے جب کہ تمام فریقین کو ’سیاسی اور سفارتی حل کے راستے پر واپس آنا چاہئے۔
واضح رہے کہ یکم اکتوبر کو ایران نے اسرائیلی جارحیت کا جواب دیتے ہوئے صہیونی ریاست پر درجنوں بیلسٹک میزائل فائر کئے، اسرائیلی فوج کے دو عہدیداروں کا کہنا تھا کہ ایران کی جانب سے تقریباً 200 بیلسٹک میزائل فائر کئے گئے جس کے جواب میں امریکی صدر جو بائیڈن نے اعلان کیا تھا کہ امریکا ایرانی میزائل حملوں کے خلاف دفاع اور خطے میں امریکی فوج کے تحفظ کیلئے اسرائیل کی مدد کیلئے تیار ہے۔ بعد ازاں ایران کے وزیر خارجہ عباس عراقچی نے امریکہ کو خبردار کیا تھا کہ وہ اس معاملے میں مداخلت نہ کرے۔
ایران کی جوہری تنصیبات پر اسرائیلی حملے کی حمایت نہیں کریں گے: امریکی صدر جو بائیڈن

















