پی ٹی آئی مخصوص نشستوں کیلئے اہل مگرفریق نہیں بنی، جسٹس یحییٰ آفریدی

اسلام آباد،لاہور :(بیورورپورٹ،کورٹ رپورٹر) پی ٹی آئی مخصوص نشستوں کیلئے اہل ہے مگرفریق نہیں بنی، جسٹس یحییٰ آفریدی نے اختلافی نوٹ جاری کردیا۔

جسٹس یحییٰ آفریدی نے 26 صفحات پر مشتمل اختلافی نوٹ میں تحریر کیاسنی اتحاد کونسل مخصوص نشستوں کے حصول کیلئے آئینی تقاضوں پر پورا نہیں اترتی اس لئے سنی اتحاد کونسل کی درخواستیں مسترد کی جاتی ہیں۔

اختلافی نوٹ میں کہا گیا پی ٹی آئی سیاسی جماعت اور مخصوص نشستوں کیلئے اہل ہے مگر پی ٹی آئی عدالت کے سامنے فریق نہیں بنی،3 جون سے کیس چل رہا تھا، پی ٹی آئی نے 26 جون تک کوئی درخواست نہیں دی، 26 جون کو پی ٹی آئی کی فریق بننے کی درخواست آئی، بیرسٹر گوہر نے جاری کیس میں معاونت کی درخواست دی مگر پی ٹی آئی نے اپنے حق میں کسی ڈکلیئریشن کی استدعا نہیں کی،جسٹس یحییٰ آفریدی نے لکھا الیکشن کمیشن فریقین کو سن کر 7 روز میں فیصلہ کرے اور مخصوص نشستوں کے نوٹیفکیشن کا دوبارہ جائزہ لے۔

مزید برآں مخصوص نشستوں کے معاملے پر الیکشن کمیشن پھر کوئی فیصلہ نہ کر سکا،چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ کی زیر صدارت خصوصی اجلاس ہوا جس میں مخصوص نشستوں کے معاملے پر غور کیا گیا، اجلاس میں ممبر خیبرپختوانخوا جسٹس(ر) اکرم شریک نہ ہوئے۔

ذرائع کے مطابق الیکشن کمیشن کا اجلاس بے نتیجہ ختم ہو گیا، الیکشن کمیشن نے مخصوص نشستوں کے معاملے پر مزید مشاورت جاری رکھنے کا فیصلہ کرلیا، الیکشن کمیشن کا مشاورتی اجلاس منگل کو پھر ہونے کا امکان ہے۔

دریں اثنا سپریم کورٹ کے مخصوص نشستوں کے فیصلے پر عملدرآمد کےلئے لاہور ہائیکورٹ میں درخواست دائر کردی گئی۔

درخواست گزار نے موقف اختیار کیا سپریم کورٹ کے 8 رکنی بنچ کا وضاحتی فیصلہ آچکا ،فیصلے پر تاحال عملدرآمد نہیں کیا گیا، چاروں صوبائی اسمبلی کے سپیکرز کو بھی مراسلہ جاری کر چکے ہیں، مخصوص نشستیں پی ٹی آئی کو تاحال نہیں ملیں،درخواست میں لاہور ہائیکورٹ سے استدعا کی گئی ہے عدالت پی ٹی آئی کو مخصوص نشستیں دینے کا حکم دے۔