وفاقی حکومت کا 71 ہزار ارب سے زائد قرض اتارنے کا منصوبہ
اسلام آباد (بیورو رپورٹ) وفاقی حکومت کا 71 ہزار ارب روپے سے زائد قرض اتارنے کا منصوبہ سامنے آ گیا،ملکی قرضوں میں کمی کےلئے وفاقی حکومت نے ڈیبٹ مینجمنٹ پلان کے تحت 71 ہزار ارب روپے سے زائد قرض اتارنے کا منصوبہ تیار کر لیا جس کے مطابق وفاقی حکومت نے اضافی قرضوں پر ملک کا انحصار کم کرنے کا فیصلہ کیا ہے،ذرائع وزارت خزانہ کے مطابق حکومت بیک وقت قرضوں کی ادائیگی کی صلاحیت پیدا کرے گی اور زیادہ سے زیادہ رعایتی بیرونی فنانسنگ کو متحرک کیا جائے گا، عالمی قرضوں سے جاری کثیر الجہتی منصوبوں کو جلد مکمل کیا جائےگا جبکہ بچت بڑھانے کےلئے قومی بچت سکیموں میں بہتری لائی جائے گی،حکومتی ڈیبٹ مینجمنٹ پلان کے تحت بانڈز کے اجرا کےساتھ بین الاقوامی مارکیٹ میں موجودگی بڑھائی جائےگی، عالمی مارکیٹوں میں پانڈا، یورو بانڈز اور بین الاقوامی سکوک جاری کیے جائیں گے، ری فنانسنگ اور شرح سود کے خطرات کو کم کرنے کے اقدامات بھی کیے جائیں گے،وفاقی حکومت نے فیصلہ کیا ہے اداروں میں ڈھانچہ جاتی اصلاحات، ٹیکس نیٹ کو وسیع کیا جائےگا، قرض اتارنے کے پلان میں مالی خساروں کو کم کرنا بھی شامل ہے، مالی خسارے کم ہو جانے سے ملک میں معاشی استحکام آئے گا اور استحکام کے نتیجے میں اضافی قرضوں پر ملک کا انحصار کم ہوگا،منصوبے کے تحت سرمایہ کاری میں وسعت، ڈومیسٹک ڈیبٹ کیپٹل مارکیٹ کو فعال کیا جائےگا، ملکی وغیرملکی سرمایہ کاروں کےساتھ رابطے بڑھائے جائیں گے،آئندہ چند سالوں میں نان بینک سیکٹر کا قیام عمل میں لایا جائےگا جس میں پنشن فنڈز، انشورنس اور ایسٹ مینجمنٹ کمپنیوں کا قیام بھی شامل ہے،ذرائع کے مطابق آئندہ چند برس میں شریعہ کمپلائنٹ قرض مارکیٹ کے قیام کو فروغ دیا جائےگا، مقامی اور بیرونی قرضوں کے پورٹ فولیو کا میچورٹی پروفائل بڑھایا جائے گا اور میڈیم ٹرم ڈیبٹ مینجمنٹ اسٹریٹجی کے مطابق اقدامات کئے جائیں گے۔

















