پاک چین رشتے پر بدلتا عالمی منظرنامہ اثرانداز نہیں ہوا، چینی صدر کا وزیراعظم کو خط

اسلام آباد (بیورو رپورٹ) چین کے صدر شی جن پنگ نے وزیر اعظم شہباز شریف کی سالگرہ پر خط لکھ کر انہیں مبارکباد دی ہے،چینی صدر کی جانب سے خصوصی طور پر بھیجا گیا خط پاک چین سفارتی تعلقات کی مضبوطی کی جانب ایک غیر معمولی پیشرفت ہے،خط میں لکھا ہے آپ کی سالگرہ پر مبارکباد اور نیک تمناو¿ں کا اظہار کرتا ہوں، پاکستان اور چین کٹھن اور اچھے وقتوں کے سٹرٹیجک تعاون کے شراکت دار ہیں، تاریخ گواہ ہے دونوں ممالک نے ہمیشہ ایک دوسرے پر بھروسہ کیا اور ہمیشہ ایک دوسرے کا ساتھ دیا،خط میں چینی صدر نے کہا دونوں ممالک کے مابین ایسا مضبوط رشتہ قائم ہوا جس پر بدلتا ہوا بین الاقوامی منظر نامہ کبھی اثرانداز نہیں ہوا، رواں برس جون میں آپ نے چین کا کامیاب دورہ کیا جس میں ہمارے مابین خوشگوار تبادلہ خیال ہوا اور متعدد امور پر اتفاق ہوا، چین پاکستان تعلقات کی مضبوطی میرے لیے انتہائی اہمیت کی حامل ہے،شی جن پنگ نے کہا آپ کےساتھ ملکر چین پاکستان سٹرٹیجک تعاون کے فروغ اور سی پیک کی تعمیر کےلئے کام کرنے کا خواہاں ہوں جبکہ متعدد شعبوں میں تعاون اور جدید دور میں چین و پاکستان کے لوگوں کے مابین گہرے تعلقات سے مشترکہ مستقبل کےلئے کام کرنے کا خواہاں ہوں، آپ کےلئے اچھی صحت اور ہر قدم کامیابی کی تمنا ہے۔