حکومتی رٹ، اپوزیشن ناک ،جرنیل کی چھڑی ملکی سالمیت سے زیادہ اہم نہیں‘نعیم الرحمن

لاہور: (اپنے نمائندے سے)امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمن نے کہا ہے حکومتی رٹ، اپوزیشن کی ناک اور جرنیل کی چھڑی ملکی سالمیت اور استحکام سے زیادہ اہم نہیں، کے پی ،بلوچستان بالخصوص پورے ملک میں امن کےلئے تمام سٹیک ہولڈرز مل بیٹھیں ،افغانستان اور ملک کی تمام سیاسی جماعتوں کو مل کر بٹھانے کےلئے جماعت اسلامی کردار ادا کرنے کو تیار ہے۔

پریس کانفرنس کرتے ہوئے حافظ نعیم الرحمن نے کہا بنوں اور لکی مروت میں معاملات جرگے سے حل ہوسکتے ہیں تو پورے ملک کا جرگہ کیوں کامیاب نہیں ہوگا؟ کوئی اپنے آپ کو آئین سے ماورا نہ سمجھے،ادارے اپنی آئینی حدود میں واپس جائیں، معیشت میں بہتری کےلئے آئی پی پیز معاہدے ختم اور پہلے مرحلے میں شرح سود 10فیصد تک لائی جائے۔

امیر جماعت اسلامی نے کہاامید ہے چیف جسٹس کہیں گے ایکسٹینشن چاہیے نہ عمر پر ترمیم لانے کا وقت ہے،موجودہ حالات کے تناظر میں آئینی ترمیم انتہائی تشویشناک اور متنازع تصور ہوگی،جعلی نمائندگی پر مشتمل پارلیمنٹ کی پاس کردہ آئینی ترمیم کی کوئی وقعت نہیں ہوگی۔