لاہور (اپنے رپورٹر سے) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا ہے پنجاب میں پولیو کے 100 فیصد خاتمے کا ہدف پورا کریں گے،انسداد پولیو مہم کے آغاز پر اپنے خصوصی پیغام میں وزیراعلیٰ نے کہا پنجاب کے 14اضلاع میں انسداد پولیو ویکسی نیشن مہم کی کامیابی کےلئے مربوط کاوشیں کی جائیں، پنجاب کو پولیو فری بنانا ہمارا عزم ہے، والدین بچوں کو پولیو کے خاتمے کےلئے ویکسین کے قطرے ضرور پلائیں، پولیو معصوم بچوں کے سنہرے خواب مفلوج کر دیتا ہے، خلوص نیت سے کام کرنے والا ہر پولیو ورکر ہیرو ہے، پولیو مہم کی کامیابی کےلئے ہر فرد اپنا بھرپور کردار ادا کرے،دریں اثناءوزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز اور پاکستان مسلم لیگ ن کے صدر نواز شریف شیخوپورہ کے نواحی علاقے راوی سفائر بے پہنچ گئے،وزیر اعلیٰ اور نوازشریف نے ریور ٹریننگ ورکس اینڈ بیراج سائٹ کا دورہ کیا اور سفائر بے پر ہونے والے تعمیراتی سرگرمیوں کا جائزہ لیا، مریم نوازاور نواز شریف نے کوفرڈیم سائٹ کا بھی معائنہ کیا ،انہوں نے عام لوگوں سے زبردستی زمینیں لینے کی عوامی شکایت پر اظہار ناپسندیدگی کیا اور تھرڈ پارٹی آڈٹ کرانے کی ہدایت کی،وزیر اعلیٰ نے روڈا پراجیکٹ میں آنے والی کچی آبادیوں کو مناسب مقامات پر منتقل کرنے کا حکم دیا ، راوی ریور سٹی پراجیکٹ کےلئے دنیا کے بہترین پروفیشنل کنسلٹنٹ کی خدمات حاصل کرنے اور روڈا پراجیکٹ میں بہترین تعمیر اتی معیار یقینی بنا نے کی ہدایت کی، تعمیر اتی معیار کی مانیٹرنگ کےلئے خصوصی ٹیم تشکیل دینے کی تجویز پر اتفاق کیا گیا، وزیر اعلیٰ مریم نوازاور قائد ن لیگ نوازشریف کو ریور ٹریننگ ورک ڈویلپمنٹ پلان کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی گئی، مزید برآں وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے عالمی دن برائے تحفظ تعلیم کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے 9 ستمبر اس بات کا احساس دلاتا ہے کہ تعلیم اقوام انسانیت کی فلاح کا بنیادی ذریعہ ہے، کسی بھی قوم کی بقاءاور تعمیر کا راز تعلیم یافتہ نسلوں میں پوشیدہ ہے،بدقسمتی سے پاکستان سمیت دنیا کے بہت سے ممالک میں تعلیمی ادارے حملوں کا نشانہ بنتے ہیں، مریم نوازنے کہا 16 دسمبر اے پی ایس حملہ، تاریخ کاسیاہ ترین باب ہے یہ دراصل تعلیم پر ایک بہت بڑا حملہ تھا، دہشت گردی اور انتہا پسندی نے ہمارے بچوں کے خواب چھینے کی مذموم کوشش کی گئی، تعلیمی اداروں پر حملہ صرف عمارت ہی نہیں بلکہ قوم کے مستقبل اور امن کے خواب پر بھی حملہ کے مترداف ہے،تعلیم کےلئے محفوظ اور بہتر مواقع فراہم کرنا حکومت کی ذمہ داری ہے، کوشش ہے ہر بچے کو محفوظ تعلیمی ماحول فراہم کیا جائے جہاں وہ بلا خوف و خطر اپنی تعلیم جاری رکھ سکے، پنجاب میں تعلیمی اداروں کی سکیورٹی کو یقینی بنانے کےلئے اقدامات کئے جا رہے ہیں، تعلیم کو ہر طرح کے حملوں سے محفوظ رکھنا ہماری اجتماعی معاشرتی ذمہ داری ہے۔
پنجاب کو پولیو فری بنانا عزم، ہر بچے کو محفوظ تعلیمی ماحول فراہم کرینگے: مریم نواز

















