لاہور (مشرق نیوز) پاکستانی گلوکارہ صنم ماروی نے اپنی چوتھی شادی کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ اپنے شوہر کے ساتھ بہت خوش ہیں۔ حال ہی میں صنم ماروی نے نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں بطور مہمان شرکت کی جہاں انہوں نے اپنی طلاق اور بچوں سے متعلق کھل کر بات کی۔ صنم ماروی نے کہا کہ پہلے شوہر کے انتقال کے بعدمیں نے اپنی خالہ کے بیٹے سے دوسری شادی کی تھی، وہ پہلے گاوں میں مقیم تھے لیکن پھر میرے کیریئر کی وجہ سے لاہور منتقل ہوگئے تھے۔ گلوکارہ نے کہا کہ میرے میوزک کیریئر کی شروعات سے پہلے میرے دوسرے شوہر کی کئی گرل فرینڈز تھیں لیکن میرے پاس برداشت کرنے کے علاوہ کوئی دوسرا راستہ نہیں تھا کیونکہ میں اس وقت گلوکارہ نہیں بنی تھی اور نہ ہی میں خودمختار تھی۔ انہوں نے کہا کہ جب مجھے اپنے کیریئر میں شہرت ملی اور میں خودمختار ہوئی تو میں نے اپنے شوہر کے دوسری خواتین سے تعلقات برداشت نہیں کیے اور نہ ہی انکا تشدد برداشت کیا اور شوہر سے خلع لینے کا فیصلہ کیا۔ صنم ماروی نے اپنی چوتھی شادی کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ کچھ عرصہ قبل میرے اہل خانہ نے میری شادی کروائی۔ گلوکارہ نے کہا کہ میرے شوہر کا نام خبیب ہے، وہ بہترین انسان ہیں اور میں اپنی ازدواجی زندگی میں بہت خوش ہوں۔ واضح رہے کہ صنم ماروی نے 18 سال کی عمر میں پہلی شادی کی تھی، انکے پہلے شوہر آفتاب احمد کو سال 2009 میں کراچی میں قتل کردیا گیا تھا۔پہلے شوہر کے قتل کے چند سال بعد گلوکارہ نے اپنی خالہ کے بیٹے حامد خان سے دوسری شادی کرلی تھی۔ دوسرے شوہر سے خلع کے بعد صنم ماروی نے حبیب قریشی نامی شخص سے خفیہ نکاح کیا تھا لیکن سال 2023 میں انہوں نے تیسرے شوہر سے بھی علیحدگی اختیار کرلی تھی۔
معروف گلوکارہ صنم ماروی نے اپنی چوتھی شادی کا اعلان کردیا



















