ہمیں سیاسی تمام اختلافات بھلا کر ملک کو ترقی کی راہ پر گامزن کرنا ہے: گورنر پنجاب

لاہور (سٹاف رپورٹر) گورنر پنجاب و چانسلر کنگ ایڈورڈ میڈیکل یونیورسٹی سردار سلیم حیدر خان کی زیر صدارت کنگ ایڈورڈ میڈیکل یونیورسٹی کا 16 واں سینٹ اجلاس منعقد ہوا-صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق نے بطور پرو چانسلر کنگ ایڈورڈ میڈیکل یونیورسٹی کے اجلاس میں شرکت کی۔وائس چانسلر کنگ ایڈورڈ میڈیکل یونیورسٹی پروفیسر محمود ایاز نے اپنے استقبالیہ خطاب میں ادارہ کی 164 سالہ شاندار تاریخی طبی خدمات اور جاری و تکمیل شدہ منصوبہ جات پر روشنی ڈالی۔سیکرٹری سینٹ کے فرائض رجسٹرار پروفیسر محمد عمران نے سر انجام دیئے۔گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان نے اجلاس کے دوران 2023-24ءاور 2024-25ءکے مجوزہ اور ثانوی بجٹ کی منظوری دی اورپروفیسر ابرار اشرف نے یونیورسٹی کی ترقیاتی سکیموں اور بجٹ بارے تفصیلات سے سینٹ اجلاس کو آگاہ کیا۔ گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہاکہ طبی دنیا میں نمایاں کامیابیاں حاصل کرنے پر وائس چانسلر پروفیسر محمود ایاز اور ان کی ٹیم کو شاباش دیتے ہیں۔ مریدکے نارووال روڈ پر انٹرنیشنل میڈیکل سکول کے قیام میں ہر ممکن تعاون کریں گے۔ کنگ ایڈورڈ میڈیکل یونیورسٹی کے طلباءکو 100 فیصد ٹیوشن فیس فری کرنے پر وائس چانسلر پروفیسر محمود ایاز کی کاوشوں کو سراہتے ہیں۔ کنگ ایڈورڈ میڈیکل یونیورسٹی کی ملک اور بیرون ملک خدمات کو سراہتے ہیں۔جسٹس شہرام سرور چوہدری کی یونیورسٹی کیلئے خدمات کو بھی سراہتے ہیں، ہمیں سیاسی اختلافات کو بھلا کر ملک کو ترقی کی راہ پر گامزن کرنا ہے۔حکومت پنجاب کے ساتھ مل کر اداروں کی بہتری کی جدو جہد جاری رکھیں گے۔ہمارے پاس پاکستان کی ترقی کیلئے میرٹ کو یقینی بنانے کے علاوہ کوئی آپشن نہیں ہے۔ سردار سلیم حیدر خان نے کہاکہ پاکستان ہمارے پاس اللہ تعالیٰ کا انعام ہے جس کی ترقی و سلامتی کیلئے ہم سب کو مل کر محنت کرنا ہو گی۔مجھے اپنی یونیورسٹی کا حصہ سمجھیں اور اس کی بہتری کیلئے ہر وقت دستیاب ہوں۔ صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہاکہ پنجاب کی طبی درسگاہوں میں معیاری ریسرچ کو پروان چڑھایا جا رہا ہے۔ شعبہ صحت کی بہتری کیلئے 14 سال سے بہترین اساتذہ کے ساتھ کام کر رہا ہوں۔ مریدکے نارووال روڈ پر انٹرنیشنل میڈیکل سکول کا قیام انتہائی اہم کامیابی ہو گی۔ ہم سیلف سسٹین ایبل ماڈل کی طرف جا رہے ہیں۔کنگ ایڈورڈ میڈیکل یونیورسٹی ایک سنٹر آف ایکسی لینس ہے۔ گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان کو کنگ ایڈورڈ میڈیکل یونیورسٹی میں خوش آمدید کہتے ہیں۔اس موقع پر جسٹس شہرام سرور چوہدری، پرنسپل سیکرٹری گورنر پنجاب کیپٹن ریٹائرڈ ثاقب ظفر، پروفیسر آف ایمرائٹس و وائس چانسلر فاطمہ جناح میڈیکل یونیورسٹی پروفیسر خالد مسعود گوندل، پرو وائس چانسلر پروفیسر محمد معین، سپیشل سیکرٹری محکمہ سپشلائزڈ ہیلتھ کیئر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن طارق محمود، ممبر پبلک سروس کمیشن احمد علی کمبوہ، نمائندہ فنانس، ممبر ہائر ایجوکیشن کمیشن پروفیسر فرید احمد خان، زاہدہ اظہر، ڈینز، ہیڈ آف ڈیپارٹمنٹس، ملحقہ ہسپتالوں کے ایم ایس صاحبان اور دیگر نے فیکلٹی ممبران نے شرکت کی۔