پیسہ جیت گیا، کارساز حادثہ کیس کے اہلخانہ کو5کروڑ دیت کی ادائیگی،راضی نامہ

کراچی،اسلام آباد:(بیورورپورٹ)پیسہ جیت گیا، کارساز حادثہ کیس کے اہلخانہ کو5کروڑ دیت کی ادائیگی،راضی نامہ،ملزمہ نتاشہ کو ضمانت مل گئی۔

ذرائع کے مطابق رقم کی ادائیگی پے آرڈر کے ذریعے کی گئی ،آمنہ کے کسی رشتے دار کو کمپنی میں ملازمت بھی دی جائے گی،واقعہ میں زخمی ہونے والے افراد کےساتھ بھی ملزمہ کی صلح ہو گئی اور زخمیوں کو الگ سے رقم ادا کر دی گئی،فریقین کے درمیان دیت کا معاہدہ شرعی قوانین کو مدنظر رکھتے ہوئے کیا گیا ،طے پائے گئے حلف نامے میں متاثرہ خاندان کے مطابق معاملات طے پا گئے ،ملزمہ کو معاف کر دیا ،حادثہ جان بوجھ کر نہیں کیا گیا، ملزمہ کو ضمانت دینے پر کوئی اعتراض نہیں۔

بعدازاںجاں بحق عمران اور آمنہ عارف کے ورثا کی جانب سے حلف نامہ عدالت میں پیش کردیا گیا، اہل خانہ نے کہا معاہدہ کسی دباو کے بغیر اللہ کی رضا کیلئے کیا، عدالت نے ایک، ایک لاکھ مچلکے کے عوض ملزمہ نتاشا ،خاوند کی درخواست ضمانت منظور کرلی ۔

دریں اثنافریقین کے درمیان سمجھوتے اور ملزمہ کی ضمانت کو چیلنج کردیاگیا، وکیل شیخ ثاقب کی جانب سے دائردرخواست میں وزارت قانون، ہوم ڈیپارٹمنٹ سندھ اوردیگرکوفریق بنایا گیا،درخواست میں کہاگیاڈرائیونگ،منشیات کے مقدمات میں قتل خطا کی بجائے قتل عمد کی دفعات شامل کی جائیں،جسٹس نعمت پھلپوٹو نے درخواست کے قابل سماعت ہونے پر دلائل طلب کرلیے۔

دوسری جانب پاکستان علماکونسل نے کہا قصاص دیت کے قانون کا غلط استعمال کسی صورت مناسب نہیں اگر عدالت اس طرح کے واقعات میں مجرمین کی معافی قبول کرتی ہے تو معاشرے میں انتشار ،فساد پھیلے گا، کار ساز حادثے کے معاملے پر ریاست کو فریق بننا چاہیے۔