حکومتی ،اپوزیشن وفود کی ملاقاتیں بے سود،مینگل کااستعفیٰ واپس لینے سے انکار

اسلام آباد:(بیورورپورٹ)حکومتی ،اپوزیشن وفود کی ملاقاتیں بے سود،اختر مینگل نے استعفیٰ واپس لینے سے انکار کردیا۔

پی ٹی آئی وفد بیرسٹر گوہر کی سربراہی میں اختر مینگل سے ملنے پارلیمنٹ لاجز پہنچا،اختر مینگل کو استعفیٰ واپس لینے پر آمادہ کرنے کی کوشش کی گئی،چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا استعفیٰ دینا کسی مسئلے کا حل نہیں ،پارلیمنٹ میں آگے بڑھیں،آئیں اپوزیشن اتحاد کے پلیٹ فار م سے مشترکہ جدوجہد کریں، اخترمینگل نے جواب دیا بلوچستان کے حالات سنگین نوعیت کے ہیں، کسی بھی واپسی کا فیصلہ مشکل ہے، اب بات چیت کا وقت گزر چکا، بلوچستان کے اصل مسائل کو کوئی سمجھنا ہی نہیں چاہتا،صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے اسد قیصر نے کہا اختر مینگل نے استعفے پر نظر ثانی کی یقین دہانی کرادی۔

دوسری جانب ن لیگ کا وفد بھی اختر مینگل سے ملاقات کےلئے پارلیمنٹ لاجز پہنچا،حکومتی وفد نے سردار اختر مینگل سے استعفیٰ واپس لینے کی درخواست کرتے ہوئے بلوچستان کے مسائل حل کرنے کی یقین دہانی کرائی،سردار اختر مینگل نے پارلیمان میں بلوچستان کے مسئلے پر بحث نہ ہونے کا شکوہ کرتے ہوئے کہامجھے اسمبلی فلور پر بولنے کا موقع نہیں دیا جاتا، بلوچستان کے حالات ہاتھ سے نکلتے جا رہے ہیں کسی کو پروا نہیں۔

ملاقات کے بعد صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے رانا ثنا نے کہااختر مینگل نے بلوچستان کے مقدمے کو بہادری کےساتھ لڑ ا ہے، سب قدردان ہیں،امید ہے اختر مینگل فیصلے پر نظرثانی کرتے ہوئے درخواست منظور کریں گے،بلوچستان کے حقوق پر زور دار آواز پارلیمنٹ میں موجود رہنی چاہیے،مشیر وزیراعظم نے کہااختر مینگل کے تحفظات امانت ہیں، متعلقہ حکام تک پہنچائیں گے،وزیراعظم تمام پارٹی لیڈرز کےساتھ مشاورت کے بعد آگے بڑھیں گے،سردار اخترمینگل کا استعفیٰ سرپرائز تھا، کوشش ہوگی ناراضی ختم کریں اور ساتھ لےکرچلیں۔

ملاقات کے بعد سردار اختر مینگل نے کہاریاست ،اداروں ،سیاسی جماعتوں سے مایوس ہو چکا ہوں، محمود اچکزئی امید سے ہیں شاید پارلیمنٹ سے کچھ ملے گا، ہر ادارے کے دروازے کھٹکھٹائے لیکن بات نہیں سنی گئی،فی الحال استعفیٰ واپس لینے کا کوئی ارادہ نہیں ،ملاقات کرنے والے مجھے قائل کرنے کی کوشش کر رہے تھے مگر لگتا ہے میں نے قائل کردیا ،2018 سے بلوچستان کے استحصال، مسائل، وسائل اور مسنگ پرسنز کا معاملہ اٹھایا۔

دوسری جانب سپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق نے بی این پی سربراہ سردار اختر مینگل کے استعفے پر کارروائی روک دی،ذرائع سپیکر آفس کے مطابق حکومت نے سپیکر سے سردار اختر مینگل کا استعفیٰ منظور نہ کرنے کی درخواست کی تھی ۔