لاہو ر:(اپنے نمائندے سے)نائب امیر جماعت اسلامی اور سیاسی قومی امور مجلس قائمہ کے صدر لیاقت بلوچ نے چیئرمین سینٹ سید یوسف رضا گیلانی، سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی سے ملاقات کی اور سینئر صحافی، بزنس مین اور تجزیہ نگار محسن بیگ کے بھائی کے انتقال پر تعزیت کی،ملکی اور اقتصادی صورتحال پر تبادلہ خیال بھی ہوا، نائب امیر جماعت اسلامی میاں اسلم، امیر اسلام آباد انجینئر نصررندھاوا بھی موجود تھے،لیاقت بلوچ نے آل پارٹیز حریت کانفرنس کے کنونیئر غلام صفی اور حماس کے مرکزی نمائندہ ڈاکٹر خالد قدومی سے بھی فلسطین اور کشمیر کی صورتحال پر ٹیلی فونک تبادلہ خیال کیا۔
لیاقت بلوچ نے کہا ملک میں حکومتی رٹ ختم ، بیڈ گورننس کی انتہا ہوگئی ہے، 2024 انتخابات کے بعد فارم 45 اور فارم 47 کے خوفناک کھیل کی وجہ سے وفاقی، صوبائی حکومتیں اخلاقی گراﺅنڈ پر نہیں اور کسی کو کچھ معلوم نہیں کہ حکومت کون چلارہا ہے ، حکمران چابی والے کھلونے بنے ہوئے ہیں، عوام مہنگائی، بے روزگاری، لاقانونیت، دہشت گردی اور بجلی، پٹرول، گیس، ٹیکسوں کے ناقابل برداشت بوجھ کی وجہ سے مایوسی سے بڑھ کر انارکی اور بغاوت کی طرف تیزی سے محو سفر ہیں، ہر ایک کو اپنے کردار کا جائزہ لینا ہوگا ، ملک و قوم کو بحرانوں سے نکالنے کےلئے کردار ادا کرنا ہوگا۔
نائب امیر جماعت اسلامی نے کہاکوئی دوسری رائے نہیں مذاکرات طاقت ور سے ہی ہونے چاہئیں لیکن یہ کام تو 76 سال سے جاری ہے، اب وقت ہے اپنے منفی رویوں میں مثبت تبدیلی لائیں، قومی ترجیحات پر قومی ڈائیلاگ کےلئے سیاسی ہمت اور جرات پیدا کریں، قومی سیاسی قیادت ملک کو بحرانوں سے نکالنے کےلئے اتفاق کرے تو ریاستی مقتدر قوتوں سے ڈائیلاگ ملک، عوام اور فوج کےلئے مثبت اثرات پیدا کریں گے، قومی سیاسی بحرانوں کے خاتمہ کےلئے سیاسی قیادت کو اپنی انا ترک کرنا ہوگی اور قومی اور صوبائی حکومتوں کو بھی قربانی دینے کےلئے تیار ہونا پڑے گا وگرنہ مفادات کے تحفظ کی سیاست سب کو رسوا کرے گی اور اصل نقصان ملک اور عوام کا ہوگا۔
حکمران چابی والے کھلونے، مذاکرات طاقت ور سے ہی ہونے چاہئیں:لیاقت بلوچ
















