ٹیم کے کپتان وزیراعظم مذاکرات کو لیڈ کریں،چیئرمین سینٹ

اسلام آباد:(بیورورپورٹ)چیئرمین سینٹ یوسف رضا گیلانی نے کہاہے ٹیم کے کپتان وزیراعظم فرنٹ فٹ پر آئیں اور قومی معاملات پر مذاکرات کو لیڈ کریں،پی ٹی آئی سمیت تمام سیاسی جماعتوں سے بات چیت ہونی چاہیے۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے یوسف رضاگیلانی نے کہا سیاسی جماعتوں میں اتحاد نہ ہونے سے دہشتگردی بڑھ رہی ہے، قومی سلامتی کے معاملات پر وزیراعظم کے ہر فیصلے کا ساتھ دیں گے، ملک مشکلات میں گھرا ہو تو سب کو متحد ہونا چاہئے۔

چیئرمین سینٹ نے کہا پیپلزپارٹی نے اپوزیشن اور جلاوطنی میں بھی ہمیشہ مذاکرات کئے،ون پوائنٹ ایجنڈے پر ملکی سکیورٹی اور تحفظ کیلئے تمام جماعتوں کو اختلافات بھلا کر ایک ہونا ہوگا،چاہتے ہیں فضل الرحمن کےساتھ ملکر ملک و قوم کی خدمت کریں۔

یوسف رضا گیلانی نے کہامجھ سمیت کسی سے بھی اختلاف کرسکتے ہیں مگر ملک سے کوئی اختلاف نہیں کرسکتا،ہمسایوں سے گزارش کروں گا پاکستان امن پسند ملک ہے، پاکستان کسی سے لڑنا نہیں چاہتا مگرپاکستان پر کسی قسم کا حملہ ہوا تو قوم ملکر جواب دے گی، نوجوان کسی کے بہکاوے میں نہ آئیں۔