لاہور: ( اپنے رپورٹرسے) وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے کہا ہے9مئی کے ماسٹر مائنڈ اور کوچ کا بدنما چہرہ عیاں ،مجرم کاخود ہی منصب بننا بڑی بے شرمی ہے۔
اپنے بیان میں عظمیٰ بخاری نے کہاپشاور ہائیکورٹ نے کے پی حکومت کی جوڈیشل کمیشن بنانے کی درخواست کو مسترد کیااب 9مئی کے ملزم انکوائری کمیشن کےلئے خود ہی ایکٹ لائیں گے اور خود ہی منصف بن جائیں گے، جیسے پارلیمنٹ حملہ کیس میں ماسٹر مائنڈ نے خود کو بری کرایا تھا ایسے ہی 9مئی کی ناکام بغاوت کے کیسز میں کمیشن سے کلین چٹ لیں گے۔
وزیراطلاعات نے کہا9 مئی کو فوجی تنصیبات اور شہدا کے مجسمے جلانے کے ہولناک مناظر پوری دنیا نے دیکھے،قوم کیسے بھول سکتی ہے؟، 9مئی کے ماسٹر مائنڈ اور کوچ کا بدنما چہرہ پوری قوم کے سامنے عیاں ہو چکا ،سوا سال بعد بھی عدالتوں میں 9مئی کے مقدمات جوں کے توں موجود ہیں، برطانیہ میں فسادات کے بعد عدالتوں نے 3دن میں کئی ملزموں پر فرد جرم عائد کی اور سزائیں سنائیں لیکن پاکستان میں عدالتیں 9مئی کے ایک بھی ملزم کو سزائیں نہیں دے سکیں۔
عظمیٰ بخاری نے کہا شہدا کے لواحقین نظام عدل کی طرف دیکھ رہے ہیں،پیاروں کے مجسموں کی بے حرمتی کرنے والوں کو عدالتیں کب کٹہرے میں کھڑا کریں گی۔
9مئی کے ماسٹر مائنڈ کا بدنما چہرہ عیاں ،مجرم کاخود ہی منصب بننا بڑی بے شرمی ہے،عظمیٰ بخاری
















