پلان بی بن گیا تو عہدے سے اترتے ہی شہباز بھی مسنگ پرسن ہوجائینگے، عمران

راولپنڈی،اسلام آباد:(بیورورپورٹ)سابق وزیراعظم وبانی پی ٹی آئی عمران خان نے کہاہے پارٹی کے کسی رو پوش رہنما کو باہر آنے کا نہیں کہا،خبر کی سختی سے تردید کرتا ہوں،پلان بی بن گیا تو عہدے سے اترتے ہی شہباز شریف بھی مسنگ پرسن ہو جائیں گے۔

صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے عمران خان نے کہاجیلوں سے ڈر نہیں لگتا ،بندے اغوا کرلئے جاتے ہیں، ڈپٹی سپریٹنڈنٹ جیل اکرم کو بھی اغوا کرلیا گیا،پولیس کہتی ہے لڑکی کے ساتھ بھاگ گیا، سب کو پتہ ہے اکرم کوکس نے اغوا کیا،کالعدم ٹی ٹی پی کی دہشتگردی افغان حکومت کے تعاون کے بغیر ختم نہیں ہو سکتی، دہشتگردی ملک کو تباہ کر رہی ہے ،مذمت کیسے نہیں کروں گا، بلوچستان ،کچے میں دہشتگردی روکنا کس کی ذمہ داری ہے؟۔

بانی پی ٹی آئی نے کہا بلوچستان میں دہشتگردی تب ختم ہو گی جب بلوچستان کے منتخب لوگوں کو بٹھایا جائے گا، بلوچ عوام ملک کےخلاف ہو رہے ہیں جو پاکستان کےلئے بہت خطرناک بات ہے، سارا نزلہ اسٹیبلشمنٹ پر گر رہا ہے،جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کے جاتے ہی 4حلقے کھلیں گے اور حکومت گر جائے گی، ملک میں کوئی سرمایہ کاری نہیں ہو رہی،معیشت ڈوب رہی ہے، 8 ستمبر کا جلسہ کسی صورت منسوخ نہیں ہوگا، عوام کو کہتا ہوں باہر نکلیں ،کسی قسم کی رکاوٹ برداشت نہ کریں۔

ادھر 190 ملین پاونڈ ریفرنس کی سماعت کے دوران عمران خان نے روسٹرم پر جیلر کو جھاڑ دیا اورشکایت کرتے ہوئے کہا عدالتی حکم کے باجود جیلر 3ہفتوں سے بیٹوں سے بات نہیں کرارہا،سابق وزیراعظم کی شکایت پر جج نے ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ طاہر شاہ سے جواب طلب کرلیا۔

دریں اثنابانی پی ٹی آئی عمران خان نے اپنی نااہلی کےخلاف اپیل پر جلد سماعت کی درخواست دائر کردی،بانی پی ٹی آئی نے بیرسٹر علی ظفر کے ذریعے درخواست میں مو¿قف اختیار کیااسلام آباد ہائیکورٹ کے حکم کی وجہ سے لاہور ہائیکورٹ لارجر بینچ کارروائی آگے نہیں بڑھا پا رہا،اپیل کو جلد سماعت کےلئے مقرر کیا جائے۔

دوسری جانب اسلام آباد ہائیکورٹ نے بانی پی ٹی آئی کے سابق سکیورٹی انچارج عمر سلطان کی بازیابی کیس میں متعلقہ ایس پی اور ایس ایچ او شالیمار کو آج طلب کرلیا،چیف جسٹس عامر فاروق نے لاپتہ عمر سلطان کے والد سلطان جاوید کی درخواست پر سماعت کی، وکیل درخواست گزار نے دلائل دیتے ہوئے کہا عمر سلطان کو اسلام آباد پولیس کی جانب سے 26 اگست کو بغیر وارنٹ گرفتار کیا گیا،،تھانے میں بازیابی کیلئے درخواست دی مگر کوئی ایکشن نہیں لیا گیا۔