رحیم یارخان،لاہور:(بیورورپورٹ،کرائم رپورٹر،ہیلتھ رپورٹر)مبینہ ڈیل کی بازگشت،مجرم جبار لولائی کی رہائی کے بدلے مغوی کانسٹیبل بحفاظت بازیاب ہوگئے۔
ذرائع کے مطابق پولیس ،ڈاکوو¿ں کے درمیان مبینہ ڈیل پر اہلکار کو رہائی ملی، اہلکار کے بدلے قتل کے مجرم جبار لولائی کو جیل سے رہا کیا گیا،اندھڑ گینگ نے جبار کی رہائی پر ایک دوسرے کو مبارکباد دی ،ہوائی فائرنگ بھی کی گئی،پولیس ترجمان نے کہاکارروائی کرکے پولیس کانسٹیبل احمد نواز کو بحفاظت بازیاب کرا یا،کانسٹیبل احمد نواز کی بازیابی پر ورثا میں خوشی کی لہر دوڑ گئی۔
آئی جی پنجاب عثمان انور نے کہاکانسٹیبل احمد نواز کی بحفاظت بازیابی ترجیح تھی، پولیس کچے میں مضبوطی کےساتھ موجود ،مورال بلند ہے، کرمنلز کی سرکوبی مشن ،کانسٹیبل احمد نواز کی بحفاظت بازیابی اہم کامیابی ہے۔
مزید برآں آئی جی نے ڈاکوو¿ں سے بازیاب کرائے گئے کانسٹیبل احمد نواز کے اہلخانہ سے ملاقات کی، احمد نواز کے بھائی، والد، چچا و دیگر اہلخانہ ملاقات کرنے والوں میں شامل تھے،عثمان انوار نے کانسٹیبل احمد نواز کے اہلخانہ کو گلے لگایا ، حوصلہ افزائی کی،عثما ن انور نے کہا پنجاب پولیس کا ہر سپاہی دہشت گردوں، شرپسندوں اور جرائم پیشہ افراد کےخلاف سیسہ پلائی دیوار ہے، کچہ ایریا سے تمام شر پسند و جرائم پیشہ عناصر کے خاتمے تک چین سے نہیں بیٹھیں گے۔
دوسری جانب وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نوازکی ہدایت پر کچہ میں ڈاکوﺅں کے حملے میں شدید زخمی کانسٹیبل بلال کو ائیر ایمبولینس کے ذریعے لاہور جنرل ہسپتال منتقل کر دیا گیا ،حملے میں گولیاں لگنے سے کانسٹیبل بلال کی ریڑھ کی ہڈی اور اعصابی نظام بری طرح متاثر ہوا،جنرل ہسپتال کے ماہر نیورو سرجن زخمی کانسٹیبل کا علاج کریں گے،علاج کے تمام اخراجات حکومت پنجاب ادا کرے گی،مریم نواز نے کہا کچہ میں زخمی ہونے والے کانسٹیبلزہیرو ہیں، مکمل بحالی تک بھرپور ساتھ دیں گے ۔
مبینہ ڈیل کی بازگشت،مجرم جبار لولائی کی رہائی کے بدلے مغوی کانسٹیبل بازیاب

















