جام شہادت نوش کرنیوالے پولیس اہلکاروں کو سلام پیش کرتے ہیں: خواجہ سلمان رفیق

لاہور (ہیلتھ رپورٹر) صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق کچا کے علاقہ میں شدید زخمی پولیس اہلکار بلال جاوید کی عیادت کرنے پنجاب انسٹیٹیوٹ آف نیورو سائنسز پہنچ گئے۔خواجہ سلمان رفیق نے زخمی پولیس اہلکار کو پھولوں کا گلدستہ پیش کیا۔اس موقع پر ایم ایس عمر اسحاق، ڈاکٹر زبیر، ڈاکٹر طارق اور ڈاکٹر احتشام سمیت دیگر ڈاکٹرز موجود تھے۔وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایت پر زخمی پولیس اہلکار بلال جاوید کو فوری طور پر ایئر ایمبولینس کے ذریعے پنز ہسپتال لاہور منتقل کیا گیا ہے۔ خواجہ سلمان رفیق نے بتایا کہ ایگزیکٹو ڈائریکٹر پنز پروفیسر آصف بشیر کی سربراہی میں سینئر ڈاکٹرز کی ٹیم زخمی پولیس اہلکار کے بہتر علاج و معالجہ کو یقینی بنا رہی ہے۔کچا کے علاقہ میں فرائض سر انجام دیتے ہوئے جام شہادت نوش کرنے والے پولیس اہلکاروں کو سلام اور ان کے اہل خانہ کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔دریں اثناءصوبائی وزیر صحت و چیئرمین کابینہ کمیٹی برائے امن و امان خواجہ سلمان رفیق نے محکمہ داخلہ کے مرکزی کنٹرول روم کا دورہ کیا۔اس موقع پر سپیشل سیکرٹری داخلہ فضل الرحمان، ایڈیشنل سیکرٹری عثمان خالد و دیگر افسران موجود تھے۔صوبائی وزیر خواجہ سلمان رفیق نے کنٹرول روم میں حضرت امام حسینؓ و رفقاءکے چہلم اور داتا گنج بخش دربار کے عرس کے حوالے سے مانیٹرنگ نظام کا جائزہ لیا اور اس موقع پر متعلقہ افسران نے مانیٹرنگ سسٹم کے حوالے سے بریفنگ دی۔صوبائی وزیر صحت و چیئرمین کابینہ کمیٹی برائے امن و امان خواجہ سلمان رفیق نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہاکہ صوبہ بھر میں حضرت امام حسین علیہ السلام و ان کے رفقاءکے چہلم کے جلوسوں اور داتا دربار عرس کے حفاظتی انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا جا رہا ہے۔ محکمہ داخلہ کے افسران اس حوالے سے 24 گھنٹے مانیٹرنگ کر رہے ہیں۔ شہدائے کربلا کے چہلم اور داتا گنج بخش علی ہجویری کے عرس پر سکیورٹی کے فول پروف انتظامات کئے گئے ہیں۔ خواجہ سلمان رفیق نے کہاکہ صوبہ بھر میں 514 جلوسوں اور 917 مجالس کیلئے سکیورٹی کے غیر معمولی انتظامات مکمل ہیں۔ صوبہ بھر میں چہلم پر پاک آرمی و رینجرز کی 43 کمپنیاں بھی فرائض سر انجام دے رہی ہیں۔ خواجہ سلمان رفیق نے ہدایت کی کہ عزاداروں کی پرامن واپسی تک تمام سکیورٹی اہلکار ڈیوٹی پر موجود رہیں ۔