سود کی ادائیگی میں تقریباً چار گنا اضافے کا انکشاف

اسلام آباد (مشرق نیوز) وزارت خزانہ کی جانب سے سینیٹ کی قائمہ کمیٹی کے سامنے پیش کئے گئے اعداد و شمار میں انکشاف ہوا ہے کہ گزشتہ 2 برسوں کے دوران سرکاری قرضوں پر سود کے اخراجات میں 260 فیصد اضافہ ہوگیا جس کے باعث ٹیکس وصولی اور قرض پر سود کی ادائیگی کے درمیان فرق تقریباً ایک تہائی سکڑ کر 29 کھرب روپے سے کم ہوکر 10 کھرب روپے رہ گیا۔

میڈیا رپورٹ کے مطابق وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے وقفہ سوالات کے دوران سینیٹر کامران مرتضیٰ کی جانب سے پوچھے گئے ایک سوال کے تحریری جواب میں ایوان کو بتایا کہ فیڈرل بورڈ آف ریونیو نے ٹیکسوں کی مد میں 61 کھرب روپے جمع کئے جبکہ 22-2021 میں سود کی ادائیگیوں پر 32 کھرب روپے خرچ کیے گئے جو کہ 29 کھرب روپے کے فرق کو ظاہر کرتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ 23-2022 میں ٹیکس وصولی بڑھ کر 72 کھرب روپے ہو گئی، لیکن سود کے اخراجات اضافے کے بعد 57 کھرب روپے پر پہنچ گئے اور دونوں کے درمیان فرق کم ہو کر 15 کھرب روپے رہ گیا، اعداد و شمار سے پتا چلتا ہے کہ 24-2023 میں ٹیکس وصولی 93 کھرب روپے رہی اور سود کی ادائیگی بڑھ کر 83 کھرب روپے تک پہنچ گئی، یہ 10 کھرب روپے کا فرق ہے۔

تاہم وزیر خزانہ نے کہا کہ یہ کہنا غلط ہے کہ حکومت نے اپنا وصول کردہ پورا ٹیکس سود کی ادائیگی پر خرچ کر دیا، انہوں نے کہا کہ وفاق کی ٹیکس آمدنی سود کے اخراجات سے زیادہ رہی۔