لاہور (ہیلتھ رپورٹر) ”میری پہچان پاکستان، ایک محب وطن ہونے کے ناطہ میرے لئے اگست کا مہینہ اہمیت کا حامل ہے، میرے لئے 14 اگست محض ایک تاریخ نہیں بلکہ 14 اگست وہ امانت ہے جو میرے آباﺅ اجداد نے لاکھوں قربانیاں دینے کے بعد میرے حوالے کی ہے اور مجھے بناءکسی قربانی کا دریغ کئے اسے اگلی نسلوں تک منتقل کرنا ہے۔ 14 اگست وہ تشخص ہے جو مجھے ساری دنیا سے جدا مقام دیتا ہے۔ 14 اگست وہ سحر ہے جس کی تلاش میں کئی ستارے ڈوب گئے، 14 اگست وہ پیغام ہے جسے مجھ تک پہنچانے کیلئے نجانے کتنے قاصد راستوں کی دھول ہوگئے، میرے لئے 14 اگست محض ایک تاریخ نہیں آزادی کا وہ پروانہ ہے جسے آنے والی نسلیں بھی فراموش نہیں کر سکتیں“۔ ان خیالات کا اظہار میڈیکل سپرنٹنڈنٹ سروسز ہسپتال لاہور ڈاکٹر عبدل مدبر ریحان کی جشن آزادی کے حوالہ سے روزنامہ ”مشرق“ سے خصوصی گفتگو ان کا کہناتھا کہ آزادی ایک نعمت ہے ہمیں یہ پاکستان بہت محنت اور جدوجہد کے بعد ملا اگر اس کی قدر آج ہم نہیں کریں گے تو کون کرے گا۔ 14 اگست 1947ءکو یہ ملک پاکستان معرض وجود میں آیا۔ اس کا خواب علامہ اقبال نے دیکھا اور قائداعظم محمد علی جناح نے اتفاق اور خلوص سے پورا کر دکھایا۔سروسز ہسپتال لاہورمیں جشن آزادی کی خصوصی تقریب کا اہتمام بھی ہوگا اور متحدہ ہندوستان کے مسلمانوں کی قدروں کو زندہ و جاوید کرنے کیلئے خراج تحسین بھی پیش کیا جائے گا ۔ آج ہم جو سکھ کا سانس لے رہے ہیں یہ اللہ پاک کا بہت بڑا احسان ہے۔ پاکستان کی بنیادوں کو مضبوط کرنے میں متحدہ ہندوستان کے مسلمانوں کی ہڈیاں اینٹوں کی جگہ اور خون پانی کی جگہ استعمال ہوا ہے۔ اس ملک کی قدر کا اندازہ صرف وہی لگا سکتا ہے جس نے اپنے خاندان بہن، بھائی اور عزیز و اقارب قربان کیے۔ایم ایس سروسز ہسپتال ڈاکٹر عبدالمدبر ریحان نے مزید کہا کہ ماوں کے بچے ان کی آنکھوں کے سامنے شہید کئے گئے۔ کئی بچے یتیم ہوئے اور ساری زندگی والدین کی شفقت کو ترستے رہے۔ کتنی ماوں بہنوں نے نہروں اور کنووں میں ڈوب کر پاکستان کی قیمت ادا کی۔ یہ ملک مصیبتوں اور مشکلوں سے حاصل کیا گیا ہے اور لاکھوں مسلمانوں نے جام شہادت نوش کیا۔چودہ اگست کو بچے بازاروں کا رخ کرتے ہیں اور چمکتی عمارتوں کو دیکھ کر اور جگہ جگہ ملی نغموں کو سن کر خوب لطف اندوز ہوتے ہیں۔ ہم کو چاہیے کہ ہم ان بچوں کو آزادی کی تاریخ سے روشناس کروائیں سروسز ہسپتال لاہور میں جشن آزادی کے حوالہ سے خصوصی تقریب میں جشن آزادی کے عظیم راہنماﺅں کو خراج تحسین بھی پیش کیا جائے گا ۔ ایک سوال کے جواب میں ایم ایس سروسز ہسپتال لاہور ڈاکٹر عبدل مدبر ریحان نے کہا کہ نظریہ اس وقت تک کامیا ب نہیں ہو سکتا جب تک اس کی پشت پر کسی جاندار شخصیت کا ہاتھ نہ ہو قائد اعظم کی شخصیت انہیں میں سے ایک ہے جنہوں نے اپنے شب و روز قوم کے لیے وقف کرکے ہمیں آزادی کی نعمت سے مالا مال کیا ۔آج ہم آزاد ہیں آج ہم آزاد ہیں ۔ آج ہم آزاد ہیں ۔
14 اگست محض تاریخ نہیں قربانیوں کی عظیم داستان ہے :ڈاکٹر عبدل مدبر ریحان



















