بنگلہ دیشی سپریم کورٹ نے کوٹہ سسٹم پر عملدرآمد روکدیا،پاکستانی بے یارومددگار

ڈھاکہ،اسلام آباد:(بیورورپورٹ) بنگلہ دیشی سپریم کورٹ نے کوٹہ سسٹم پر عملدرآمد روکدیا،طلبہ کااحتجاج ختم کرنے سے انکار،پرتشدد مظاہروں میں اموات130سے متجاوز کرگئیں۔

سپریم کورٹ نے تاریخی فیصلے میں کوٹہ سسٹم پر عملدرآمد رکواتے ہوئے نچلی عدالت کے فیصلے کو کالعدم قرار دیا،اٹارنی جنرل اے ایم امین الدین کے مطابق سپریم کورٹ نے کہا ہائی کورٹ کا فیصلہ غیر قانونی تھا،عدالت نے فیصلے میں سرکاری ملازمتوں کا کوٹہ کم کرکے سول سروس کی 5 فیصد ملازمتیں جنگ آزادی کے سابق فوجیوں کے بچوں اور 2 فیصد دیگر کیٹیگریز کےلئے مختص کردیں۔

دریں اثنا طلبہ گروہ کے ترجمان نے کہاجب تک حکومت مطالبات کو منظور کرتے ہوئے حکم نامہ جاری نہیں کرتی احتجاج ختم نہیں کریں گے۔

دوسری جانب احتجاج ،پرتشدد مظاہروں کو روکنے کےلئے لگائے گئے کرفیو میں توسیع کردی گئی ،مرنے والوں کی تعداد133تک جاپہنچی،دریں اثنا شیخ حسینہ کی حکومت بچانے کیلئے بھارتی فوج بنگلہ دیش میں داخل ہوگئی۔

رپورٹ کے مطابق حکومت نے احتجاج کو کچلنے کےلئے بھارتی حکومت سے مدد طلب کی تھی،ادھربنگلہ دیش میں پھنسے پاکستانی طالب علموں نے کہاکوئی مدد کو نہیں آرہا، وسائل ختم ہوگئے، شدید مشکلات درپیش ہیں،بہت سے طلبہ اہلخانہ سے رابطے میں بھی نہیں،طلبہ کو نکالنے اور مدد کےلئے والدین نے وزیراعظم کو خط لکھ دیا۔

مزید برآں دفتر خارجہ کی ترجمان نے کہاہے بنگلہ دیش میں موجود تمام پاکستانی محفوظ ہیں،ہائی کمشنر نے چند طلبہ کو اپنے گھر اور باقی کو ہائی کمیشن کی عمارت میں رکھا ہے،انتہائی کشیدہ علاقوں سے تمام پاکستانیوں کو بحفاظت نکال لیا ،بنگلہ دیشی حکومت کے اقدامات اب تک اطمینان بخش ہیں۔