اسلام آباد:(بیورورپورٹ)مخصوص نشستوں کے فیصلے کیخلاف نظر ثانی درخواستیں ستمبر کی تعطیلات کے بعد سماعت کیلئے مقرر ، سپریم کورٹ کی پریکٹس اینڈ پروسیجر کمیٹی نے 2-1سے منظوری دےدی،چیف جسٹس نے فیصلے سے اختلاف کرتے ہوئے کہانظرثانی درخواستیں فوری سماعت کیلئے مقرر نہ کرنا ناانصافی ہوگی۔
سپریم کورٹ نے پریکٹس اینڈ پروسیجر کمیٹی کے 18 جولائی کو ہونےوالے 17 ویں اجلاس کے منٹس جاری کر دئیے،دستاویز کے مطابق کمیٹی میں مخصوص نشستوں کے فیصلے پر نظرثانی درخواستیں سماعت کیلئے مقرر کرنے کا معاملہ زیر بحث آیا، جسٹس منصور علی شاہ ،منیب اختر نے کہا نظرثانی صرف وہی 13 ججز سن سکتے ہیں جنہوں نے مرکزی کیس سنا، کیس کا تفصیلی فیصلہ بھی نہیں جاری ہوا،بہت سے ججز گرمیوں کی چھٹیوں پر ہیں ،باقی نے تعطیلات گزارنے کیلئے بیرون ملک بھی جانا ہے۔
کمیٹی نے فیصلہ کیا نظرثانی درخواستوں پر سماعت گرمیوں کی چھٹیوں کے بعد ہوگی،ججز کمیٹی نے 2-1کی اکثریت سے نظرثانی درخواستیں گرمیوں کی تعطیلات کے بعد مقرر کرنے کی منظوری دےدی،چیف جسٹس نے نظرثانی درخواستیں چھٹیوں کے بعد مقرر کرنے کے فیصلے سے اختلاف کیا ،جسٹس منصور علی شاہ اورمنیب اختر نے فوری نظرثانی درخواستیں مقرر کرنے کےخلاف رائے دی۔
جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے موقف اختیار کیا لوگوں کے آئینی حقوق چھٹیوں سے زیادہ اہم ہیں،نظرثانی کا حق آئین نے دیا ، ججز کے آرام و آسانی کو نہیں آئین کو ترجیح دینی چاہیے، درخواستیں فوری سماعت کیلئے مقرر نہ کرنا ناانصافی ہوگی، گرمیوں کی چھٹیاں منسوخ کرکے نظرثانی سننی چاہیے،جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے کہا کام آئین و قانون پر عمل کرنا ہے، ججز نے آئین و قانون کے تحت حلف اٹھا رکھا ہے ،رولز کے تحت نہیں، آئین و قانون کو نظر انداز نہیں کیا جاسکتا،ذاتی ترجیحات کی بجائے آئین و قانون کے مطابق عمل پیرا ہونا چاہیے، ایک ہفتے میں جسٹس عائشہ ملک بیرون ملک سے واپس پاکستان آ سکتی ہیں، آرٹیکل 63اے نظرثانی 10دنوں میں سماعت کیلئے مقرر کی جائے ،دونوں ججز دستیاب ہیں۔
چیف جسٹس نے کہاآرٹیکل 63اے کیس پر سماعت کرنےوالے سابق چیف جسٹس عمر عطا بندیال ریٹائرڈ ،جسٹس ریٹائرڈ اعجاز الااحسن مستعفی ہو گئے، جسٹس منیب اختر ،جسٹس جمال خان مندوخیل دستیاب ہیں ،بنچ میں جسٹس منصور علی شاہ،امین الدین خان اور یحییٰ آفریدی کو شامل کیا جائے۔
جسٹس منیب اختر نے کہا رولز کے مطابق عدالتی سال ستمبر کے دوسرے پیر کو شروع ہوگا، چیف جسٹس نے 15 جولائی سے عدالتی چھٹیوں کا اعلان کیا، ایک بار عدالتی چھٹیوں کا اعلان ہو جائے تو قانون میں منسوخ کرنے کی گنجائش نہیں،کمیٹی یاچیف جسٹس عدالتی چھٹیاں منسوخ نہیں کرسکتے۔
دوسری جانب مخصوص نشستیں پی ٹی آئی کو دینے کے عدالتی فیصلے سے متاثرہ ن لیگ کے 3اراکین نے سپریم کورٹ میں نظرثانی اپیل دائر کردی،نظرثانی اپیل ہما اختر چغتائی، ماہ جبین عباسی اور سیدہ آمنہ بتول نے دائر کی، سنی اتحاد کونسل ، الیکشن کمیشن سمیت دیگر کو فریق بنایا گیا۔
درخواست میں موقف اپنایا گیا سنی اتحاد کونسل کا فہرست جمع نہ کرانا تسلیم شدہ حقیقت ہے،41 اراکین کو پارٹی تبدیل کرنے کیلئے 15 دن دینا آئین دوبارہ تحریر کرنے کے مترادف ہے،درخواست میں کہا گیا قانون میں طے کردہ اصول سے ہٹ کر نیا طریقہ نہیں اپنایا جا سکتا، 12 جولائی کے مختصر اکثریتی فیصلے کو کالعدم قرار دیا جائے، اکثریتی فیصلہ آئین کے تحت نہیں ۔
مخصوص نشستیں،نظر ثانی درخواستیں تعطیلات کے بعد مقرر،فوری سماعت نہ کرنا ناانصافی ہوگی،چیف جسٹس

















