حماس کا غزہ جنگ بندی مذاکرات سے دستبردار ہونے کا اعلان

غزہ (مشرق نیوز) حماس کے ایک سینئر اہلکار نے کہا ہے وہ اسرائیل کی جانب سے غزہ میں قتل عام کرنے اور مذاکرات میں اس کے غیر سنجیدہ روئیے کی وجہ سے غزہ تنازع پر ہونے والی جنگ بندی کے مذاکرات سے دستبردار ہو گیا ہے۔ عرب نیوز کی رپورٹ کے مطابق اتوار کو خبر رساں ادارے اے ایف پی سے بات کرتے ہوئے حماس کے ایک اور اہلکار نے بتایا کہ گروپ کے فوجی رہنما محمد دیف اسرائیل کی جانب سے جنوبی غزہ کے ایک کیمپ پر بم حملے کے بعد ٹھیک ہیں اور کام کر رہے ہیں، اسرائیل کے مطابق انہوں نے اس حملے میں حماس کے مطلوب کمانڈر کو نشانہ بنایا تھا۔ غزہ کی وزارت صحت نے کہا کہ اسرائیلی حملے میں 92 افرادشہید ہوئے ہیں۔ سینئر عہدیدار کے مطابق حماس کے سیاسی رہنما اسمعیل ہنیہ نے بین الاقوامی ثالثوں قطر اور مصر کو جنگ بندی کے حوالے سے جاری مذاکرات سے دستبردار ہونے کے بارے میں بتادیا جسے مئی میں امریکی صدر جو بائیڈن نے پیش کیا تھا۔