فورسز کا مورال بلند، سب مل کر محرم الحرام کو پرامن بنائیں گے: خواجہ سلمان رفیق

لاہور (ہیلتھ رپورٹر) صوبائی وزیر صحت و چیئرمین کابینہ کمیٹی برائے امن و امان خواجہ سلمان رفیق کی قیادت میں وفد نے ڈیرہ غازیخان میں مرکزی جلوس کے روٹ اور امام بارگاہوں کا دورہ کیا۔کابینہ کمیٹ نے ہائی سکیورٹی زون دیکھے اور مرکزی جلوس کے روٹ پر اہم مقامات کا جائزہ لیا۔کابینہ کمیٹی نے مرکزی جلوس کے روٹ پر ڈویژنل امن کمیٹی کے ارکان سے ملاقات کی۔کابینہ کمیٹی نے مرکزی ”امام بارگاہ رضویہ“ اور ”دربار آل محمد“ کا بھی دورہ کیا۔ڈی جی خان کا مرکزی جلوس غازی پارک سے شروع ہو کر امام بارگاہ کربلا شریف پر اختتام پزیر ہوگا۔صوبائی وزیر صحت و چیئرمین کابینہ کمیٹی برائے امن و امان خواجہ سلمان رفیق نے کہاکہ جلوس کے شرکاءکیلئے سکیورٹی کے ساتھ ساتھ سبیل، لنگر اور میڈیکل کیئر کا مکمل انتظام ہے۔ شدید گرمی میں فرائض سر انجام دینے والے افسران و اہلکار ہمارے ہیرو ہیں۔ خواجہ سلمان رفیق نے کہاکہ فورس کا مورال بلند رکھتے ہوئے سب مل کر محرم الحرام کو پرامن بنائیں گے۔ صوبائی وزیر صحت نے روٹ پر تعینات پولیس، سول ڈیفنس اور ریسکیو 1122 کے اہلکاروں سے بھی ملاقات کی ۔صوبائی وزیر و چیئرمین کابینہ کمیٹی خواجہ سلمان رفیق کی قیادت میں وزیر خزانہ مجتبیٰ شجاع الرحمن، وزیر ٹرانسپورٹ بلال اکبر خان، وزیر زراعت سید عاشق حسین کرمانی ان کے ہمراہ تھے۔آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور، سپیشل سیکرٹری داخلہ فضل الرحمان، ایڈیشنل آئی جی سپیشل برانچ ذوالفقار حمید، ایڈیشنل آئی جی سی ٹی ڈی وسیم سیال بھی ہمراہ تھے۔ایڈیشنل آئی جی ساوتھ پنجاب، کمشنر، آر پی او، ڈی سی اور ڈی پی او ڈی جی خان بھی کابینہ کمیٹی کے ہمراہ ہیں۔مقامی اراکین اسمبلی سردار احمد خان لغاری، سردار اسامہ لغاری، سردار عبدالقادر کھوسہ بھی ہمراہ تھے۔