حکومت نے تھوک کے حساب سے نام سفری پابندی کی لسٹوں میں ڈال دئیے، ہائیکورٹ

اسلام آباد:(بیورورپورٹ) اسلام آباد ہائیکورٹ نے ریما رکس دئیے ہیںحکومت نے تھوک کے حساب سے نام سفری پابندی کی لسٹوں میں ڈال دئیے ،عدالت نے سابق وفاقی وزیر فواد چودھری کی سفری پابندی کی فہرست سے نام نکلوانے کی درخواست پر وزارت داخلہ کے نمائندے کو ذاتی حیثیت میں طلب کر لیا۔

دوران سماعت وکیل سے مکالمہ کرتے ہوئے چیف جسٹس عامر فاروق نے کہا فواد چودھری کا نام ای سی ایل پر ہے یا پی این آئی ایل پر ہے؟ سادہ سا کیس تھا آپ نے خود پیچیدہ کر دیا ، آپ نے پی این آئی ایل قانون بھی چیلنج کر دیا، قانون چیلنج ہو گیا تو اب اٹارنی جنرل کو نوٹس جاری کرنا پڑے گا۔

جسٹس عامر فاروق نے ریمارکس دئیے میں تو ویسے بھی سب کو باہر جانے کی اجازت دے رہا ہوں، گرمیوں کا موسم ہے ویسے بھی ہر کوئی باہر جا رہا ہے، حکومت نے بھی تھوک کے حساب سے نام سفری پابندی کی لسٹوں میں ڈال دئیے،ڈپٹی اٹارنی جنرل سے مکالمہ کرتے ہوئے چیف جسٹس نے کہا پتہ نہیں کون کون سی لسٹیں بنا دیں، فواد چودھری کا سب کچھ یہاں ہے واپس کیوں نہیں آئیں گے؟ ،سابق وفاقی وزیر کو3،4ہفتے کےلئے جانا ہوگا واپس آ جائیں گے،عدالت نے سماعت 9 جولائی تک ملتوی کر دی۔