ثابت ہوگیا عدالتی فیصلے کی غلط تشریح کی گئی، پاکستان کو ایک بار آئین کے راستے پر چلنے دیں: سپریم کورٹ

اسلام آباد (بیورورپورٹ) سپریم کورٹ میں سنی اتحاد کونسل کی مخصوص نشستوں سے متعلق کیس کی سماعت کے دوران چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے ریمارکس دیئے پاکستان کو ایک بار آئین کے راستے پر چلنے دیں، سپریم کورٹ کے فیصلے انصاف پر مبنی ہیں،یہ ثابت ہوچکا ہے کہ الیکشن کمیشن نے عدالتی فیصلے کی غلط تشریح کی، کیا آئینی ادارے کی جانب سے غیرآئینی تشریح کی عدالت توثیق کر دے؟،چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کی سربراہی میں سپریم کورٹ کے 13 رکنی فل کورٹ بنچ نے کیس کی سماعت کی، اٹارنی جنرل منصور عثمان اعوان نے دلائل دیئے،جسٹس اطہر من اللہ نے ریمارکس دیئے اٹارنی جنرل صاحب آپ نے بنیادی سوال کا جواب ہی نہیں دیا، ایک سیاسی جماعت کو الیکشن کمیشن نے انتخابات سے نکال دیا، الیکشن کمیشن نے خود آئین کی یہ سنگین خلاف ورزی کی، الیکشن کمیشن نے غیرآئینی اقدامات کئے تو کیا عدلیہ کی ذمہ داری نہیں کہ اسے درست کرے،جسٹس عائشہ ملک نے کہا آزاد امیدواروں کی تعداد 2024 میں بہت بڑی ہے جس پر اٹارنی جنرل نے کہا آئین کے مطابق کسی صورت کوئی نشست خالی نہیں چھوڑی جا سکتی،جسٹس منصور علی نے کہا ماضی میں کبھی آزاد اراکین کا معاملہ عدالت میں نہیں آیا، اس مرتبہ آزاد اراکین کی تعداد بہت زیادہ ہے اور کیس بھی آیا ، اٹارنی جنرل نے کہا اگر اسمبلی مدت ختم ہونے میں 120 دن رہ جائیں تو آئین کہتا ہے انتخابات کرانے کی ضرورت نہیں،جسٹس منیب اختر نے کہا پارلیمانی نظام کی بنیاد سیاسی جماعتوں پر ہے، موجودہ تنازع الیکشن کمیشن کی غلطیوں کی وجہ سے آیا، سوال یہ ہے آزاد امیدواروں کی اتنی بڑی تعداد کہاں سے آئی؟ کیا لوگوں نے خود ان لوگوں کو بطور آزاد امیدوار چنا؟ کیا الیکشن کمیشن نے خود ان لوگوں کو آزاد نہیں قرار دیا؟ کیا سپریم کورٹ کے فیصلے کی روشنی میں الیکشن کمیشن نے اتنے زیادہ آزاد امیدوار بنائے، جب ایسا ہوا ہے تو کیا عدالت کو یہ غلطی درست نہیں کرنی چاہیے؟ کیا وہ قانونی آپشن نہیں اپنانا چاہیے جو اس غلطی کا ازالہ کرے؟،جسٹس جمال مندو خیل نے ریمارکس دیئے آرٹیکل 51 میں سیٹوں کا ذکر ہے، ممبر شپ کا نہیں، جسٹس منیب اختر نے کہا آرٹیکل 224 رعایت ہے ورنہ کوئی اسمبلی کی سیٹ خالی نہیں چھوڑی جا سکتی،چیف جسٹس نے ریمارکس دیئے کسی فریق کو یہ کہتے نہیں سنا کہ نشستیں خالی رہیں، ہر فریق یہی کہتا ہے دوسرے کو نہیں نشستیں مجھے ملیں، آپ پھر اس پوائنٹ پر اتنا وقت کیوں لے رہے ہیں کہ نشستیں خالی نہیں رہ سکتیں؟ موجودہ صورتحال بن سکتی ہے یہ آئین بنانے والوں نے کیوں نہیں سوچا؟ یہ ان کا کام ہے، آئین میں کیا کیوں نہیں ہے، یہ دیکھنا ہمارا کام نہیں ہے، بار بار کہہ رہا ہوں ہمارے سامنے موجود آئین کے متن پر رہیں،جسٹس منصور علی شاہ نے استفسار کیا پارلیمانی پارٹی کی تشکیل کا ذکر آئین میں کہاں ہے؟ جس پر اٹارنی جنرل نے جواب دیا پارلیمانی پارٹی کا ذکر صرف آرٹیکل 63 اے میں ہے، آرٹیکل 63 اے کے اطلاق کیلئے ضروری ہے کہ پارلیمانی پارٹی موجود ہو،جسٹس منصور علی شاہ نے استفسار کیا کیا الیکشن کمیشن سنی اتحاد کونسل کو پارلیمانی پارٹی ڈکلیئر کر چکا ہے؟ جس پر اٹارنی جنرل نے کہا مجھے اس بات کا علم نہیں،جسٹس منصور علی شاہ نے پوچھا الیکشن کمیشن کس اختیار کے تحت پارلیمانی پارٹی ڈکلیئر کرتا ہے؟ پارلیمانی پارٹی قرار دینے کا نوٹیفکیشن کیسے آیا؟ وہ نوٹیفکیشن سنی اتحاد کونسل نے ریکارڈ پر رکھا ہے،اٹارنی جنرل نے کہا جواب الجواب دلائل میں وہ خود بتا دیں گے، جسٹس منصور علی شاہ نے کہا کہ وہ نہیں، آپ بتائیں الیکشن کمیشن کے اس نوٹیفکیشن پر کیا کہتے ہیں،جسٹس منصور علی شاہ نے نوٹیفکیشن اٹارنی جنرل کو دکھا دیا، سنی اتحاد کونسل کے وکیل نے قومی اسمبلی سیکرٹریٹ کا نوٹیفکیشن بھی دکھایا، فیصل صدیقی ایڈووکیٹ نے کہا قومی اسمبلی سیکرٹریٹ نوٹیفکیشن سے زرتاج گل کو پارلیمانی لیڈر بھی بنا چکا،اٹارنی جنرل منصور اعوان نے بتایا آزاد امیدوار پارلیمانی پارٹی نہیں بنا سکتے، آزاد امیدواروں نے اسی میں شامل ہونا ہوتا ہے جو پارٹی ایک سیٹ کم سے کم جیت کر آئی ہو،چیف جسٹس نے استفسار کیا یعنی سیاسی جماعت کے جیتے ہوئے امیدوار ہوں تو سیاسی پارٹی آٹومیٹکلی پارلیمانی پارٹی بن جاتی ہے،جسٹس عائشہ ملک نے مزید کہا کہ میں آزاد امیدوار کے بارے میں نہیں پوچھ رہی، میں انتخابات میں حصہ لینے کے حق کے حوالے سے پوچھ رہی، آپ کے مطابق سیاسی جماعت ہی پارلیمانی پارٹی بنے گی، ابھی تو ہم دیکھ رہے آزاد امیدوار سیاسی جماعت ہیں یا نہیں،اٹارنی جنرل نے بتایا اگر سنی اتحاد ضمنی انتخابات میں جیتتی ہے تو پارلیمانی پارٹی بن سکتی ہے، جسٹس عائشہ ملک نے کہا اگر الیکشن کمیشن سنی اتحاد کونسل سیاسی جماعت تصور نہیں کرتا تو پارلیمانی پارٹی کیسے بن سکتی؟،جسٹس یحییٰ آفریدی نے کہا آپ کے مطابق آرٹیکل 51 کے تحت سنی اتحاد کونسل سیاسی جماعت نہیں لیکن ضمنی الیکشن جیتنے کے بعد پارلیمانی پارٹی بن چکی؟اٹارنی جنرل نے جواب دیا اگر سنی اتحاد ضمنی انتخابات میں جیتتی ہے تو پارلیمانی پارٹی بن سکتی،جسٹس منیب اختر نے ریمارکس دیئے اگر آزاد امیدوار کسی سیاسی جماعت میں شامل ہوں تو پارلیمانی پارٹی بن جاتی ہے، اٹارنی جنرل نے کہا مخصوص نشستیں سنی اتحاد کونسل کو نہیں ملیں، سنی اتحاد کونسل کو آزاد امیدوار تصور کیا گیا،جسٹس منصور علی شاہ نے ریمارکس دیئے لوگوں کو علم تھا کہ آزاد قرار دیئے گئے امیدوار پی ٹی آئی کے ہیں، مکمل انصاف کا اختیار اور کہاں استعمال کرنا ہے جب عدالت پوری تصویر ہی نہ دیکھ سکے، کیا عدالت آنکھیں بند کر لے؟،چیف جسٹس نے ریمارکس دیئے سپریم کورٹ کے فیصلے انصاف پر مبنی ہیں، ہر فیصلے نے آئین کو فالو کیا، کچھ ججز دانا ہوں گے، میں اتنا دانا نہیں، پاکستان کو ایک بار آئین کے راستے پر چلنے دیں،جسٹس عرفان نے کہا جو آزاد امیدوار کسی پارلیمانی پارٹی میں شامل نہ ہوں تو کیا ہوگا؟ قانون تو کہتا ہے 3 روز میں سیاسی جماعت میں شامل ہو، آزاد امیدوار کیسے رہیں گے؟ اٹارنی جنرل نے کہا آزاد امیدوار اگر شامل کسی جماعت میں نہیں ہوتے تو آزاد ہی رہیں گے،بعد ازاں سپریم کورٹ نے مخصوص نشستوں سے متعلق کیس کی مزید سماعت 9 جولائی تک ملتوی کر دی۔