لاہور (سپیشل رپورٹر) پنجاب بھر کے 9 فائیو سٹار ہوٹلز کے پرمٹ روم منیجرز نے محکمہ ایکسائز پنجاب کی ملی بھگت سے کروڑوں مالیت کی شراب ہوٹل کے خفیہ ٹھکانوں میں سٹور کرلی،باوجود اسکے کہ یکم جولائی سے تمام پرمٹ رومز کے لائسنس کی تجدید ہونے جاری ہے۔ ذرائع کے مطابق محکمہ ایکسائز ٹیکسیشن اینڈ نارکوٹکس کنٹرول ہر سال پنجاب بھر کے شراب خانوں کے لائسنس کے رنیول کے سلسلہ میں چند روز کیلئے پرمٹ رومز میں شراب کی سیل کو بند کر دیتے ہیں لیکن کیا ہی حیرت کی بات ہے کہ محکمہ ایکسائز کے چند اعلیٰ افسران کی ملی بھگت سے ہر سال کروڑوں مالیت کی شراب فائیو سٹار ہوٹل کے خفیہ کمروں ، سٹور روم اور بعض افراد اپنے ڈیروں پر سٹور کروا لیتے ہیں جو کہ بعد ازاں کلوزنگ کے دنوں میں بلیک میں فروخت کی جاتی ہے۔ اسی طرح آج کے دن تک سٹاک جمع کر لیا گیا ہے۔ حیرت انگیز امر تو یہ ہے کہ افسران کو ہر قسم کا علم ہے اور مک مکا کے باعث حکومت پنجاب کو ریونیو سے محروم کر رہے ہیں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ ریونیو کے معاملہ میں صوبائی وزیر خزانہ میاں مجتبیٰ شجاع الرحمان کو اس بارے میں وزیراعلیٰ پنجاب کو اعتماد میں لینا ضروری ہے۔ صوبائی وزیر اس سے قبل وزیر ایکسائز پنجاب کا قلمدان بھی سنبھال چکے ہیں۔
محکمہ ایکسائز کی پرمٹ روم منیجرز سے ملی بھگت،کروڑوں کی شراب فائیو سٹار ہوٹلوں کے خفیہ ٹھکانوں میں ذخیرہ

















