فیصل واوڈا ،مصطفی کمال کی غیر مشروط معافی قبول ،توہین عدالت کا نوٹس واپس

اسلام آباد:(بیورورپورٹ)فیصل واوڈا اور مصطفی کمال کی غیر مشروط معافی قبول ،توہین عدالت کا نوٹس واپس ،چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے ریمارکس دئیے آئین کے آرٹیکل 66میں آپ پارلیمنٹ میں کھڑے ہو کر بات کر سکتے ہیں، آپ لوگوں کی غیر مشروط معافی قبول کرتے ہیں، آئندہ معاملے میں ذرا احتیاط کریں،آپ پارلیمان میں عوام کی نمائندگی کرتے ہیں، آپ کی عزت کرتے ہیں، امید ہے آپ بھی ہماری عزت کریں گے، ایک دوسرے کو نیچا دکھانے سے عوام کو نقصان ہو گا، پارلیمان میں آرٹیکل 66سے آپ کو تحفظ ہے، باہر گفتگو کرنے سے آرٹیکل 66میسر نہیں ہو گا۔

سینیٹر فیصل واوڈا اور مصطفی کمال کےخلاف توہین عدالت کیس کی سماعت چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کی سربراہی میں3رکنی بنچ نے کی،چیف جسٹس نے ریمارکس دئیے آزادی صحافت ،آزادی اظہار رائے 2الگ الگ چیزیں ہیں، بیرون ممالک میں تو پریس کانفرنس لائیو نہیں دکھائی جاتی وہاں پریس کانفرنس سن لی جاتی ہے پھر کچھ مواد کاٹ لیتے ہیں،کس قانون میں لکھا ہے آپ نے پریس کانفرنس براہ راست ہی نشر کرنی تھی، سارا دھندا پیسے کا ہے، ایمان، نیت، اخلاق و تہذیب کا نہیں ایسا بھی نہیں ہوا ایک بار غلط بات کہنے پر پریس کانفرنس کو کاٹ دیا ہو۔

جسٹس نعیم اختر نے کہا ٹی وی چینلزنہیں کہہ رہے آئندہ ذمے داری کا مظاہرہ کریں گے،جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے کہا سچ پر تو پیسے نہیں ملتے، بچپن میں جو باتیں گلی محلوں میں سنتے تھے، اب ٹی وی چینلز پر سنتے ہیں،جسٹس عقیل عباسی نے کہا ٹی وی چینلز پر ان لوگوں کو بٹھایا جاتا ہے جنہیں قانون کا کچھ علم نہیں ہوتا، تبصرے لوگ ایسے کرتے ہیں جیسے 1600فیصلے لکھ چکے ہیں، کوئی میکنزم نہیں ہے تو بنا لیں،جسٹس نعیم اختر افغان نے کہا عام لوگوں کے ذہن پر میڈیا کا بہت اثر ہوتا ہے، آپ نے پریس کانفرنس چلائی پھر بار بار ٹکرز چلے۔

چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے کہا آپ تو چاہتے ہیں تماشہ بنے ورنہ آپ کا کام کیسے چلے گا؟،کوئی شوق نہیں کسی کےخلاف توہین عدالت کی کارروائی کریں، کیا کریں مگر معاشرہ تباہ ہو رہا ہے، میڈیا کی آزادی پربہت محتاط ہیں،سپریم کورٹ نے فیصل واوڈا اور مصطفی کمال کی غیر مشروط معافی قبول کرکے توہین عدالت کا نوٹس واپس لے لیا اور ٹی وی چینلز کو شوکاز نوٹسز جاری کر دئیے،حکم نامے میں کہا گیا شوکاز نوٹس کا جواب چینلز مالکان ،چیف ایگزیکٹو کے مشترکہ دستخط سے جمع کرائے جائیں، شوکاز نوٹس کے جواب میں پریس کانفرنس سے کمائی کی تفصیل بھی دی جائے۔