عوامی تعاون بغیر کوئی بھی ادارہ اچھی کارکردگی کا مظاہرہ نہیں کرسکتا، جاوید اسلم

قصور:(مہر حسن حسین) ایڈمنسٹریٹر میونسپل کمیٹی قصورجعفر چودھری کی خصوصی ہدایت پر شہر میں صفائی ستھرائی، سٹریٹ لائٹس اورشفاف پانی کی فراہمی کو یقینی بنانے سمیت شہر کی خوبصورتی میں اضافہ کیلئے فیروزپور روڈ گرین بیلٹ، قصور گارڈن، ریلوے پارک سمیت تمام پارکوں میں تزئین وآرائش اور نئے پودے لگائے جائیں گے، ٹریفک کی روانی میں رکاوٹ پیدا کرنے والے انکروچمنٹ کا بلاامتیاز خاتمہ کیاجائے گا۔ ان خیالات کا اظہار نئے تعینات ہونے والے چیف آفیسر میونسپل کمیٹی قصور چوہدری جاوید اسلم نے ایکسئن بلدیہ چوہدری محمداشرف گجر، پی ایس او اکمل حسین اورسینٹری انسپکٹر فیصل جمیل کے ہمراہ شہر بھر کے دورہ کے دوران شہریوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

چیف آفیسر نے کہا شہریوں کو تمام تر بنیادی سہولتوں کی فراہمی میں کوتاہی کے مرتکب افسران اور اہلکاران کو ہرگز برداشت نہیں کیا جائے گا، شہر کی سڑکوں پر تجاوزات کرکے گلیوں میں تبدیل کردینے والوں کے خلاف بھی قانون حرکت میں آئے گا، خواہ کوئی کتنا ہی بااثر کیوں نہ ہو، قانون سے بالاتر نہیں ہوسکتا۔ چیف آفیسر چوہدری جاوید اسلم نے مزید کہا کہ عوام کو بنیادی سہولتوں کی فراہمی میونسپل کمیٹی قصور کی قانونی اور اخلاقی ذمہ داری ہے۔ ایڈمنسٹریٹر کی آشیرباد اور اپنی ٹیم کے ہمراہ اس کو پورا کریں گے، مہذب قومیں واجبات کی ادائیگی بروقت کرتی ہیں، عوام کے تعاون کے بغیر کوئی بھی سرکاری ادارہ اچھی کارکردگی کا مظاہرہ نہیں کرسکتا، عوام بھی واٹر سپلائی کے واجبات، نئی بلڈنگز کے نقشہ جات کی فیس کی بروقت ادائیگی کرکے اپنی ذمہ داریوں کااحساس کریں۔