حزب اللہ کی اشتعال انگیزی لبنان کو کھلی جنگ کی طرف گھسیٹ رہی ہے: امریکی وزیر دفاع

واشنگٹن (مشرق نیوز) امریکی وزیر دفاع لائیڈ آسٹن نے خبردار کیا ہے کہ لبنانی حزب اللہ کے اشتعال انگیزی اسرائیل اور لبنان کو کھلی جنگ میں گھسیٹنے کا باعث بن رہی ہے۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق اپنے اسرائیلی ہم منصب یوآو گیلنٹ کے ساتھ پنٹاگان میں ملاقات میں انہوں نے کہا کہ اسرائیل اور حزب اللہ کے درمیان ایک نئی جنگ آسانی سے ایک علاقائی جنگ میں بدل سکتی ہے جس کے مشرق وسطی کیلئے سنگین نتائج برآمد ہوں گے۔انہوں نے کہا کہ اس طرح کی جنگ لبنان کیلئے تباہ کن ہو گی اور بے گناہ اسرائیلیوں اور لبنانی شہریوں کیلئے تباہی کا باعث بنے گی۔آسٹن نے مزید کہا کہ مزید کشیدگی کو روکنے کیلئے سفارتکاری بہترین طریقہ ہے۔ اسلئے ہم فوری طور پر ایک ایسے سفارتی معاہدے تک پہنچنے کیلئے کوشاں ہیں جو اسرائیل کی شمالی سرحد پر مستقل طور پر امن بحال کرے اور اسرائیل ، لبنان سرحد کے دونوں جانب شہریوں کو محفوظ طریقے سے اپنے گھروں کو لوٹنے کے قابل بنائے۔غزہ کی پٹی کے حوالے سے امریکی وزیر دفاع نے گیلنٹ کو بتایا کہ ہم غزہ میں شہریوں کے تحفظ کو یقینی بناتے ہوئے فوجی کارروائیوں میں اسرائیل کی حمایت کرتے ہیں۔