لاہور (مشرق نیوز) ورلڈ کپ میں امریکہ کے خلاف میچ سے پہلے قومی ٹیم کی توجہ پریکٹس سے زیادہ کن چیزوں پر رہی اس حوالے سے حیران کن کہانی سامنے آگئی۔ آئی سی سی ٹی 20 ورلڈ کپ میں جہاں قومی ٹیم کی مایوس کن کارکردگی نے شائقین اور کرکٹ ماہرین کو حیران کیا وہاں ڈسپلن کے معاملے میں بھی حیران کن انکشافات سامنے آئے ہیں۔ امریکہ کیخلاف ٹورنامنٹ کے پہلے میچ سے قبل قومی ٹیم ڈیلس پہنچی تو یکم جون کو کپتان بابر اعظم اور وکٹ کیپر محمد رضوان نے شام 6 سے رات 10 بجے کے دوران اسلامک سینٹر کے پروگرام میں بطور مہمان شرکت کی۔ اگلے ہی روز شام 5 سے10 بجے کے دوران پروموٹر شکاری کے مطابق کپتان بابر اعظم، شاہین آفریدی، منیجر وہاب ریاض، نسیم شاہ اور حارث روف کو ’نائٹ ود سٹار‘ پروگرام میں شرکت کرنا تھی، البتہ دو وجوہات کے سبب پروگرام منسوخ کرنا پڑا، ایک وجہ بابر اعظم اور دیگر کھلاڑیوں کے درمیان معاوضے میں فرق کے باعث اختلافات بنی جبکہ دوسری وجہ شاہین آفریدی اور بابر اعظم کی بیک وقت پروگرام میں شرکت پر رضامندی نہ ہونا تھی۔ 2 جون کی ہی رات 11 بجکر 30 منٹ سے ایک بجے کے دوران پارٹیز کیلئے مشہور ’CAVALLI ریسٹورنٹ‘ میں قومی ٹیم کے 5 کھلاڑیوں عماد وسیم، محمد عامر، حارث روف ، شاداب خان اور عثمان خان نے ایک پروگرام میں شرکت کی، اس پروگرام کے پروموٹر ’شکاری‘ کے مطابق اس پروگرام میں شرکت کیلئے کھلاڑیوں کو دو سے ڈھائی ہزار ڈالرز ادا کئے گئے اور آرگنائزر نے اپنے اخراجات پورے کرنے کیلئے آنے والوں سے 25 ڈالرز فی کس لئے، جب یہ بات پاکستانی میڈیا میں موضوع بحث بنی، تو کھلاڑیوں نے پروموٹر شکاری سے کہا کہ اب بات پھیل گئی ہے، پروگرام باہر کے بجائے کسی کے گھر پر رکھا جائے، اگر 4 کھلاڑیوں کو 2 ہزار ڈالرز تک بھی مل گئے، تو شاپنگ کے پیسے نکل جائیں گے۔ ڈیلس میں پاکستان ٹیم کو امریکہ کے ساتھ 6 جون کو صبح 10 بج کر 30 منٹ پر میچ کھیلنا تھا، البتہ کھلاڑی دیر رات تک ہوٹل سے باہر دکھائی دیتے رہے، قومی ٹیم کے ہمراہ دو منیجرز تھے، البتہ کرفیو ٹائم کے حوالے سے کوئی پابندی نہیں تھی۔ عینی شاہد کے مطابق امریکہ کے میچ سے ایک رات قبل تین کھلاڑی رات دو بجے تک ہوٹل سے باہر ریسٹورنٹ میں تھے، ڈیلس میں موجود پاکستانیوں کا یہ بھی کہنا تھا کہ ٹیم ٹولیوں میں بٹی ہوئی تھی۔ پروموٹر ’شکاری‘ کے مطابق اسے ٹیم کے اہم کھلاڑی نے بتایا کہ ٹیم میں تین گروپس ہیں اور یہ کھلاڑی آپس میں گفتگو بھی نہیں کرتے، اس تمام صورتحال پر جب پی سی بی کے منیجر منصور رانا سے رابطہ کیا گیا، تو انہوں نے بتایا ڈیلس میں دو فنکشن کے علاوہ امریکہ میں کوئی پروگرام نہیں ہوا، جہاں کھلاڑیوں نے شرکت کی۔ دوسری جانب انہوں نے بتایا اگر کھلاڑی رات ہوٹل سے باہر گئے، تو انہوں نے مجھے اور سکیورٹی کو آگاہ کیا تھا، میڈیا منیجر سے تمام صورتحال پر بورڈ کا موقف معلوم کیا گیا، تو ان کا کہنا تھا ڈیلس میں جن دو ایونٹس میں کھلاڑی گئے، اس کی اجازت سینئر منیجر وہاب ریاض نے دی تھی، البتہ اس کے علاوہ تمام پروگرام منسوخ کر دئیے گئے تھے۔ اس سوال کے جواب میں کہ کھلاڑیوں کیلئے کوئی کرفیو ٹائم دیکھنے کو نہیں ملا؟ کہا گیا کہ جو کھلاڑی بھی ہوٹل سے باہر گیا، اس نے اجازت لی۔
ٹی 20 ورلڈ کپ، پاکستان ٹیم کی توجہ پریکٹس سے زیادہ کہاں رہی؟ حیران کن کہانی سامنے آگئی

















