اسلام آباد،راولپنڈی ، لاہور:(بیورورپورٹ،کرائم رپورٹر،کورٹ رپورٹر)سابق وزیراعظم وبانی پی ٹی آئی عمران خان کی سکیورٹی سپر ویژن پر تعینات ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ تبدیل،پولیٹیکل ایڈوائزر کو لاہور سے اغوا کرگیا۔
ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ ایگزیکٹو اڈیالہ جیل اکرم کو فوری طور پر عہدے کا چارج چھوڑ کر محکمہ جیل خانہ جات لاہور رپورٹ کرنے کا حکم دےدیا گیا،ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ جوڈیشل طاہر صدیق شاہ کو اکرم کی جگہ اضافی ذمہ داریاں مل گئیں، جیل افسروں کے تبادلوں و تقرر کا نوٹیفکیشن ہوم ڈیپارٹمنٹ پنجاب نے جاری کردیا۔
ادھر پولیس کے مطابق غلام شبیر کے اغوا ءکا مقدمہ تھانہ کاہنہ میں بیٹے بلال کی مدعیت میں درج کیا گیا، غلام شبیر شہباز گل کے بڑے بھائی بھی ہیں،ایف آئی آر متن کے مطابق غلام شبیر کو2 روز قبل نامعلوم افراد نے گھر سے اسلام آباد جاتے ہوئے اغواءکیا، غلام شبیر رات گئے اپنے گھر خیابان امین سے اسلام آباد کےلئے روانہ ہوئے تھے۔
دریں اثنا اڈیالہ جیل میں بانی پی ٹی آئی عمران خان سے گزشتہ روز6 پارٹی رہنماﺅں کی ملاقات طے تھی جن میں روف حسن، شبلی فراز، رائے حسن نواز، ثناءاللہ مستی خیل،خالد خورشید اور وزیر اعلیٰ کے پی علی امین گنڈاپور کے نام شامل تھے۔
ذرائع کے مطابق جیل حکام نے علی امین گنڈاپورکی ملاقات پر اعتراض اٹھادیااور ملاقاتیوں میں ان کی جگہ کسی اور رہنما کا نام دینے کاکہا ہے،ذرائع نے کہا علی امین گنڈاپورکوگزشتہ کئی روز سے عمران خان سے ملاقات کی اجازت نہیں ملی۔
علاوہ ازیں لاہور ہائیکورٹ میں بانی پی ٹی آئی کی توشہ خانہ نا اہلی کےخلاف اپیل پر سماعت ہوئی، جسٹس شمس محمود مرزا کی سربراہی میں 5 رکنی لارجر بنچ نے سماعت کی،سربراہ لارجر بنچ جسٹس شمس محمود مرزا نے کہا معاملہ اسلام آباد ہائیکورٹ میں زیر التوا ہے ،عدالت نے سماعت غیر معینہ مدت تک ملتوی کر دی۔
مزید برآں ترجمان تحریک انصاف نے وفاقی وزیر منصوبہ بندی کی پریس کانفرنس پر ردعمل میں کہا اندھی وحشت کا اتحاد پاکستان کیلئے وبال بنتا جارہا ہے، ملکی تباہی کے ذمہ دار مینڈیٹ چور جنگل راج کی گود میں بیٹھ کر ملک کو تباہ کر رہے ہیں، ایک سے بڑھ کر ایک بداخلاق کابینہ میں بھرتی کرکے اپنے باطن کا خوف چھپانے کی کوششیں جاری ہیں،ترجمان نے مزید کہاتباہی و بربادی کا خفیہ واعلانیہ دھندا کرنے والوں کو عوام کٹہرے میں کھڑا کریں گے۔
عمران کی سکیورٹی نگرانی پر تعینات ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ تبدیل، ایڈوائزراغوا
















