لاہور (قمر عباس نقوی) پی ایچ اے ڈائریکٹر پراجیکٹ گلشن اقبال پارک عمران خان کی غفلت، زیپ لائن جھولے کی ٹکر سے 11 ماہ کی معصوم بچی کا حادثہ سکیورٹی انتظامات زیرو ہونا قرار، سی سی ٹی وی کیمرے خراب، پارک انتظامیہ کے کاغذی 60 سکیورٹی گارڈ بھی غائب، سکیورٹی انچارج کا زیپ لائن کی حدود میں سکیورٹی نہ ہونے کا اعتراف بھی رپورٹ میں شامل۔ تفصیلات کے مطابق رواں سال فروری کی 25 تاریخ کو گلشن اقبال پارک میں ڈائریکٹر پراجیکٹ عمران خان کی جانب سے انتظامی امور میں غفلت اور نااہلی سے ہونے والا حادثہ معصوم بچی کی ہلاکت کا سبب بن گیا تھا۔ اس سلسلے میں سابق ڈائریکٹر ایڈمن موسیٰ بخاری کی رپورٹ کے مطابق زیپ لائن جھولے کے لینڈنگ ایریا میں حفاظتی انتظامات نہ ہونے اور پارک انتظامیہ کی جانب سے 60 سکیورٹی اہلکار ہونے کے باوجود تعینات نہیں کئے گئے اور نہ ہی وہاں نصب سی سی ٹی وی کیمرے فعال ہیں جس کی وجہ بدانتظامی کے باعث معصوم بچی کی ہلاکت کا حادثہ پیش آیا۔ انتظامیہ کی جانب سے ڈائریکٹر پراجیکٹ گلشن اقبال پارک عمران خان کو غفلت پر نااہل قرار دیتے ہوئے فوری طور پر عہدے سے ہٹاتے ہوئے نوکری سے معطلی کے احکامات جا ری کئے گئے تھے تاہم بعد میں عمران خان کو دوبارہ گلشن اقبال پارک کے عہدے پر بحال کردیا گیا۔ سابق ڈائریکٹر ایڈمن کی انکوائری رپورٹ میں پراجیکٹ ڈائریکٹر گلشن اقبال کی جانب سے رپورٹ دی گئی جس میں انکی جانب سے موقف اختیار کیا گیا کہ انکی تعیناتی کو ابھی 5 ماہ کا عرصہ ہوا ہے، ان کے علم میں تھا کہ ایک زیپ لائن کام کررہی ہے میرے لیکن میں اس بات سے بے خبر تھا کہ اسوقت کتنی زیپ لائنیں کام کررہی ہیں۔ زیپ لائن کے مالک ٹھیکیدار کی جانب سے ٹوٹی ہوئی حفاظتی ریل کے بارے میں انتظامیہ پی ایچ اے انتظامیہ کو نہیں بتایا گیا۔ پراجیکٹ ڈائریکٹر کے اس بیان سے غفلت اور نااہلی کی عکاسی ہوتی ہے۔ پی ڈی گلشن اقبال کے مطابق 5 ماہ سے تعینات ہوں لیکن انتظامی امور سے مکمل طور پر لاعلمی ظاہر کی گئی جو کہ معصوم بچی کی ہلاکت کا سبب بنی۔ اسی طرح گلشن اقبال پارک کے اسسٹنٹ ڈائریکٹر حافظ ابرار نے انکوائری کے دوران بیان قلمبند کروایا جس میں انکا کہنا تھا کہ پہلے بھی زیپ لائن پر حادثہ ہوچکا ہے تاہم کوئی جانی نقصان نہیں ہوا تھا۔ انہوں نے کہا بچی کی ہلاکت کا حادثہ افسوسناک ہے۔ زیپ لائن سے نیچے کی طرف آتے ہوئے بہت زیادہ رفتار ہوتی ہے، کیمروں کی تمام تر ذمہ داری سکیورٹی انچارج پر عائد ہوتی ہے، اسکے ساتھ گلشن اقبال پارک کے سکیورٹی انچارج رانا صفدر کی جانب سے انکوائری میں بیان دیا گیا کہ اتوار کو چھٹی کا دن تھا اسلئے وہ ڈیوٹی پر موجود نہیں تھا، جس دن بچی کی ہلاکت کا حادثہ ہوا وہ اتوار تھا، 4 بجے حادثے کی اطلاع ملی جس پر زیپ لائن ٹھیکیدار سے رابطہ کیا۔ اس نے بتایا کہ وہ اوکاڑہ میں ہے اور زیپ لائن ٹھیکیدار کا سپروائزر متاثرہ خاندان کی دیکھ بھال پر لگا ہوا ہے۔ پارک میں 60 سکیورٹی اہلکار ہیں لیکن کسی کو بھی زیپ لائن پر تعینات نہیں کیا گیا تھا۔ زیپ لائن کی لینڈنگ سائٹ کی ریلنگ ٹوٹی ہوئی تھی اور وہاں نصب کیمرے ایک سے ڈیڑھ ماہ عرصہ سے بند پڑے ہیں۔ سابق ڈائریکٹر ایڈمن پی ایچ اے موسیٰ بخاری کی انکوائری رپورٹ میں حادثہ کی ذمہ داری گلشن اقبال پارک میں ناقص سکیورٹی انتظامات پراجیکٹ ڈائریکٹر کی بد انتظامی کو قرار دیا گیا ہے تاہم پراجیکٹ ڈائریکٹر عمران خان سے موقف لینے کیلئے رابطہ نہ ہو سکا۔
جھولا حادثہ، معصوم بچی کی ہلاکت کی وجہ ڈائریکٹر پراجیکٹ کی غفلت، ناقص سکیورٹی

















