لاہور (سٹاف رپورٹر) پیپلز پارٹی وسطی پنجاب کے جنرل سیکرٹری سید حسن مرتضیٰ نے ہتک عزت بل کے خلاف عدالت جانے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ اسکے وقت کا فیصلہ پارٹی کرے گی،پیپلز پارٹی آزادی اظہار رائے پر قدغن لگانے کے حق میں نہیں،کوشش کرینگے کہ یہ بل واپس ہو،پیپلز پارٹی اپنے صحافی بھائیوں کیساتھ کھڑی ہے، ہم کسی میڈیا دشمن قانون کا حصہ نہیں بنیں گے،بجٹ کی تیاری اور ہتک عزت بل پر پیپلز پارٹی سے مشاورت نہیں کی گئی۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیپلز سیکرٹریٹ ماڈل ٹاﺅن میں رکن پنجاب اسمبلی نیلم جبار،نائب صدور میاں اظہر حسن ڈار،میاں ایوب،احسن رضوی کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر رانا جواد،ذیشان شامی، حسن اشرف بھٹی بھی موجود تھے۔حسن مر تضیٰ نے کہا کہ صحافیوں کا احتجاج سر آنکھوں پر ،پیپلز پارٹی ہتک عزت ہر میڈیا کو مطمئن کرنیکی پوری کوشش کرے گی ،ہم نے بل پر دستخط اس لیے نہیں کیے کیونکہ ہم اس میں میڈیا کی ترامیم شامل کرانا چاہتے ہیں،پیپلز پارٹی کے اختلافی نوٹ پر بات ہو رہی ہے مگر بل پاس کرنے والوں سے سوال نہیں کیا جا رہا۔ پیپلز پارٹی بل کے حوالے سے کسی مرحلے پر موجود نہیں تھی،ہم نے بل روک کر تمام سٹیک ہولڈرز کو اکھٹا کرنے کی کوشش کی۔انہوں نے کہا کہ بل کے متعلق اسوقت بتایا گیا جب یہ ہاﺅس میں چلا گیا،آپ نے اسی روز بل ہاﺅس میں لا کر منظور کرایا۔اسوقت بھی پیپلز پارٹی کا ایک بھی ممبر موجود نہیں تھا۔پھر وہ بل قائم مقام گورنر نے منظور کیا اور ہمیں سننے کو ملتا ہے کہ بل باہمی رضا بندی سے منظور کرایا،صحافتی سیٹھ جس طرح پیپلز پارٹی کا 2008 سے 2013 تک میڈیا ٹرائل کرتے رہے۔ہمارا امیج خراب اور سیاسی طور پر شدید نقصان پہنچایا گیا۔حسن مرتضی نے کہا کہ (ن) لیگ کو اس لیے ووٹ نہیں دیا کہ بجٹ کچن میں تیار کر لیں ،آپ نے بجٹ تجاویز تیار کرتے وقت پیپلز پارتی کو اعتماد میں لینا پسند نہیں کیا۔حکومت ایسے اقدامات نہ کرے جن سے میڈیا مچئن ہے نہ عوام۔ جنرل سیکرٹری پی پی وسطی پنجاب نے کہا کہ پاکستان کی تاریخ کا یہ پہلا گم سم بجٹ لایا جا رہا ہے،حکومت نے اس مرتبہ بجٹ پر اتحادیوں اور سٹیک ہولڈرز کو اعتماد میں نہیں لیا گیا۔تنخواہ دار اور پنشنرز کو ریلیف کا کوئی پروگرام سامنے نہیں آیا،طلبا،وکلا اورمحنت کشوں سمیت کسی طبقے کو اعتماد میں نہیں لیا جا رہا۔انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی نے اپنا نقصان کر کے حکومت کیساتھ کھڑے ہونے کا فیصلہ کیا،ہمیں بڑے توقعات تھیں ،مریم بی بی سے کہ وہ اپنے والد کے ویژن پر صوبے کو آگے بڑھائیں گی۔ملک کی ریڑھ کی ہڈی کاشتکار سڑکوں پر خوار ہو رہا ہے ۔انہوں نے کہا کہ کیا محکمہ زراعت قبل از وقت جامع پالیسی مرتب نہیں کر سکتا تھا ۔بیج کے لیے رکھی گندم اٹھا لی جاتی ہے اور بمپر پرائس حکومتی قیمت پر نہیں بکتی،2023,24کے چیک اب مل رہے ہیں۔کیا کاشتکار کو حکومت کوئی مارک اپ دیگی،یہ پہلا میثاق ہے جس میں کاشتکار منہ چھپاتے پھر رہا ہے اوردوسری طرف اربوں روپے کے ڈیفالٹر کھلے گھوم رہے ہیں۔ایک سوال کے جواب میں حسن نے کہا کہ ایشوز پر اتحاد بنتے ہیں نہ ٹوٹتے ہیں۔پیپلز پارٹی ہومیو پیتھک جماعت نہیں۔پیپلز پارٹی پنجاب کے بجٹ پر اپنا آئینی کردار ادا کرے گی۔حکومت میں شمولیت کا فیصلہ سی ای سی کی منظوری سے مشروط ہے۔فی الحال ایسا کوئی ارادہ نہیں،چاہتے ہیں کہ پنجاب میں تنخواہوں اور پنشن میں 25فیصد اضافہ کیا جائے۔انہوں نے کہا کہ ہم تھرڈ پارٹی میڈیا کو سمجھتے ہیں،پتہ نہیں آپ تیسرا کسے سمجھتے ہیں۔
ہتک عزت بل کےخلاف عدالت جانے کا اعلان، کوشش کرینگے یہ بل واپس ہو :حسن مرتضیٰ
















