نیویارک (مشرق نیوز) آئی سی سی ورلڈ کپ 2024 کے سب سے بڑے ٹاکرے میں روایتی حریف پاکستان اور بھارت آج آمنے سامنے آئیں گے۔ تفصیلات کے مطابق انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کے زیر اہتمام امریکہ اور ویسٹ انڈیز کی میزبانی میں ہونے والے ٹی 20 ورلڈ کپ کے 19 ویں میچ میں پاکستان اور بھارت کی ٹیمیں نیویارک کے نساو کاونٹی انٹرنیشنل کرکٹ سٹیڈیم میں پنجہ آزمائی کریں گی۔
پاکستانی وقت کے مطابق میچ شام ساڑھے 7 بجے شروع ہو گا، امریکا سے شکست کے بعد قومی ٹیم پر کافی دباو ہے، پاکستان کو میگا ایونٹ کے اگلے مرحلے میں رسائی کیلئے بھارت کو ہر صورت ہرانا ہو گا، آج کا میچ ہارنے کی صورت میں گرین شرٹس کا سپر 8 کا سفر مشکل ہو جائیگا۔
بڑے میچ سے قبل پاکستانی کھلاڑیوں نے بھرپور پریکٹس کی اور میدان میں اپنا خون گرمایا، کوچز کی نگرانی میں بیٹنگ، باولنگ اور فیلڈنگ کی مشقیں کی گئیں، آج ہونے والے اہم میچ کیلئے قومی ٹیم میں تبدیلی کا فیصلہ کیا گیا ہے، اعظم خان کو ڈراپ کر کے ان کی جگہ کسی دوسرے کھلاڑی کو موقع دیا جائیگا۔
نیویارک سٹیڈیم میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے قومی ٹیم کے ہیڈ کوچ گیری کرسٹن کا کہنا تھا کہ بھارت کے خلاف میچ کیلئے ابھی پلیئنگ الیون کو فائنل نہیں کیا، البتہ پاکستانی کرکٹرز بہت باصلاحیت ہیں اور انہوں نے بھارت کیخلاف جیت پر فوکس کیا ہوا ہے، گزشتہ میچ میں کی جانے والی غلطیوں پر لڑکوں نے کام کیا ہے اور امید ہے وہ دوبارہ نہیں ہوں گی۔
انہوں نے مزید کہا ہے کہ بھارت کے خلاف ایک نیا میچ ہے اور ہم اچھی پلاننگ کے ساتھ میدان میں اتریں گے، میچ میں فتح حاصل کرنے کیلئے بیٹنگ، باو¿لنگ اور فیلڈنگ بہت اہم ہے، کسی کی انفرادی پرفارمنس نہیں بلکہ جیت کیلئے پوری ٹیم کو جان مارنی ہوگی۔ پاکستان اور بھارت کے درمیان ٹی 20 ورلڈ کپ میں 7 مقابلے ہوئے جن میں سے بھارت نے 6 میچ جیتے جبکہ پاکستان کو صرف ایک میچ میں کامیابی ملی۔
ٹی 20 ورلڈ کپ کا سب سے بڑا پاکستان، بھارت ٹاکرا آج نیو یارک میں ہو گا

















