فاسٹ بولر محمد عامر نے ہربھجن سنگھ کے ریکارڈ پر نظریں جمالیں

ڈیلاس (مشرق نیوز) قومی ٹیم کے فاسٹ بولر محمد عامر نے ٹی20 ورلڈکپ میں سابق بھارتی سپنر ہربھجن سنگھ کے ریکارڈ پر نظریں جمالیں۔ محمد عامر ٹی20 ورلڈکپ کے میزبان ملک امریکہ کیخلاف میچ میں ایک اور سنگ میل حاصل کرنے سے محض ایک قدم دور ہیں، وہ سابق بھارتی سپنر کے سب سے زیادہ میگا ایونٹ کی تاریخ میں میڈن اوورز کرانے کا ریکارڈ برابر کرسکتے ہیں۔ فاسٹ بولر 4 سال کے طویل عرصے بعد قومی ٹیم میں واپس آئے ہیں، وہ سال 2009 میں ورلڈکپ جیتنے والی قومی ٹیم کے رکن تھے۔ عامر نے سال 2009 فائنل میں سری لنکا ،2010 کے گروپ میچ میں آسٹریلیا اور 2016 میں بھارت کیخلاف ٹی20 ورلڈکپ ایڈیشنز میں میڈن اوورز کروائے تھے۔ دوسری جانب ہربھجن سنگھ ورلڈکپ کی 18 اننگز میں 4 میڈن اوور کروا کر ٹاپ پوزیشن پر قابض ہیں، انکے بعد فہرست میں دوسرا نمبر سری لنکا کے دلہارا فرنینڈو کا ہے جنہوں نے 5 اننگز میں 3، رنگانہ ہیراتھ نے 10 اننگز میں 3 جبکہ محمد عامر نے 17 اننگز میں 3 میڈن اوور کروائے ہیں۔