طحٰہ بلال نے والدین کے بعد ساوتھ ایشیا کی سطح پر میڈل جیت کر تاریخ رقم کر دی

اسلام آباد (مشرق نیوز) ساوتھ ایشین ٹیبل چیمپئن شپ ڈبلز ایونٹ میں سلور اور ٹیم ایونٹ میں برانز میڈل جیتنے والے طحہ بلال نے والدین کے بعد ساوتھ ایشیا کی سطح پر میڈل جیت کر تاریخ رقم کر دی۔۔تفصیلات کے مطابق طحہ سابق نیشنل ٹیبل ٹینس چیمپئن بلال یاسین اور شبنم بلال کے بیٹے ہیں ،والدہ شبنم بلال نے آخری مرتبہ 8 سال پہلے ساوتھ ایشیا میں میڈل جیتا تھا۔طحٰہ بلال نے بتایا کہ مجھے خوشی ہے کہ والدین کی طرح میڈل جیتا، مجھے افسوس بھی ہے کہ میں ساوتھ ایشین چیمپئن شپ کے دوران پاکستان کا قومی ترانہ نہیں بجوا سکا۔ انہوں نے کہا کہ میرا اگلا ہدف انٹرنیشنل مقابلوں میں پاکستان کیلئے گولڈ میڈل جیتنا ہے تاکہ پاکستان کا قومی ترانہ بجے، میرے والدین ہی میرے کوچ ہیں اور انکی سپورٹ مجھے حاصل ہے۔بلال یاسین دو مرتبہ جبکہ شبنم بلال 7 مرتبہ کی نیشنل چیمپئن ہیں، وہ اب بھی قومی سطح کے ٹیبل ٹینس مقابلوں میں حصہ لیتے ہیں، دونوں ساوتھ ایشیا کی سطح پر میڈل بھی پاکستان کیلئے جیت چکے ہیں۔بلال یاسین کے مطابق میں سمجھتا ہوں طحٰہ بہت جلد پاکستان کیلئے گولڈ میڈل جیتے گا۔شبنم بلال نے کہا کہ بیٹے نے جب میڈل جیتا تو مجھے اپنے سارے میچز یاد آگئے، اب ہم طحٰہ کی ٹریننگ کا پلان کر رہے ہیں کہ تاکہ اگلے ایونٹس میں وہ پاکستان کیلئے گولڈ میڈل جیتے۔