لاہور:(سٹاف رپورٹر)گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی نے کہا ہے بانی پی ٹی آئی ٹوئٹ سے انکارکریں یا نا اہلی مانیں،تمام ادارے حدود میں رہ کر کام کریں تو ملک بہتری کی طرف جائےگا،پاکستان کو نظریہ ضرورت کے تحت نہیں چلایا جاسکتا،9مئی والوں کا حکومتوںمیں آنا،وزیراعلیٰ بننا سوالیہ نشان ہے، عدالتیں 9مئی والوں کو سزائیں دیں۔
گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے فیصل کریم کنڈی نے کہا اداروں کا آپس میں ٹکرا ﺅ نہیںہونا چاہیے، چاہتے ہیں سندھ کی طرز پر ہسپتال باقی صوبوں میں بھی بنیں،18ویں اور19ویں ترمیم کا کریڈٹ پیپلز پارٹی ،اتحادی جماعتوں کو جاتا ہے، میں 5سال ڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی رہا ہوں، کسی نے مجھے لکھی ہوئی تقریر نہیں بھیجی،کبھی کسی نے فون یا میسج نہیں بھیجا آپ نے پارلیمنٹ کو کیسے چلانا ہے، نہیں پتہ تقاریر کس کے پاس آتی ہیں اور کہاں لکھی جاتی ہیں۔
گورنر کے پی نے کہافارم 45والا گورنر ہوں جس کو فارم47پر اعتراض ہے عدالتیں و فورم حاضر ہیں، اپنے ثبوت کےساتھ جائیں اور بتائیں زیادتی ہوئی ،عدالتوں کافیصلہ قبول ہوگا،کسی کے کندھوں یا بیساکھیوں پر آنے کاوقت چلا گیا،سیاسی جماعتوں کےساتھ بیٹھنا پڑےگا،حکومت کی کوشش ہے ملک کو بحرانوں سے نکالیں، جلد پاکستان میں ہر طرف اجالے ہوں گے،علی امین گنڈاپور کےساتھ محبت چلتی رہے گی، کھانے کی دعوت دی لیکن شاید وہ کچھ ہچکچا رہے ہیں۔
9مئی والوں کا حکومتوں میں آنا،وزیراعلیٰ بننا سوالیہ نشان ہے،فیصل کریم کنڈی
















