ٹیریان وائٹ کیس ناقابل سماعت، عمران خان کی نااہلی درخواست خارج

اسلام آباد،گوجرانوالہ: (بیورورپورٹ)ٹیریان وائٹ کیس ناقابل سماعت ،اسلام آباد ہائیکورٹ نے عمران خان کی نااہلی درخواست خارج کردی۔

جسٹس طارق محمود جہانگیری کی سربراہی میں 3 رکنی لارجر بنچ نے مبینہ بیٹی ٹیریان کو کاغذات نامزدگی میں ظاہر نہ کرنے پر بانی پی ٹی آئی عمران خان کےخلاف نااہلی کیس پر سماعت کی،دوران سماعت جسٹس طارق محمود نے کہا ٹیریان کیس 2ججز کا فیصلہ ہے، 2ججز درخواست ناقابل سماعت قرار دے چکے ،عدالت نے حامد علی شاہ سے استفسار کیا آپ کیا کہتے ہیں؟ جسٹس طارق محمود جہانگیری نے کہا 3میں سے 2 ججز دستخط کر دیں تو اثر کیا ہوگا؟۔

وکیل حامد علی شاہ نے کہا ٹیریان کیس میں فیصلہ دیکھ کر ہی عدالت کی معاونت کر سکتا ہوں،2یا 3ہفتے کی تاریخ دے دیں، جسٹس طارق محمود نے کہا 2ججز درخواست ناقابل سماعت قرار دے چکے تو کیسے تاریخ دے سکتے ہیں، ایک ممبر کے دستخط نہ ہونے کی وجہ سے کیا فرق پڑے گا؟ ۔

بعدازاں اسلام آباد ہائی کورٹ کے لارجر بنچ نے 2 ججز کا سنایا جانےوالا فیصلہ درست قرار دیتے ہوئے عمران خان کیخلاف دائر درخواست کو ناقابل سماعت قرار دیتے ہوئے خارج کردی۔

دریں اثناعمران،قریشی کی سائفرکیس میںسزا کےخلاف اپیلوں پر سماعت کے دوران اسلام آباد ہائیکورٹ کے چیف جسٹس عامر فاروق نے کہا سائفرکرمنل کیس ہے، کرمنل کیس میں پراسیکیوشن کو اپنا کیس ثابت کرنا ہوتا ہے،پوچھ پوچھ کر تھک گئے بند لفافے میں تھا کیا؟ بلاواسطہ ہی سہی، کس ملک کو فائدہ ہوا؟۔

جسٹس عامر فاروق نے کہا اگر سارے کہہ دیں رات ہوگئی تو رات تو نہیں ہو جائے گی؟ اگر سب کہہ رہے ہیں تعلقات خراب ہو گئے تو اس طرح تو نہیں ہو جائیں گے،جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب نے کہا سائفر میں کیا تھا جس معلومات سے ہیرا پھیری کی گئی؟ بانی پی ٹی آئی نے کہا سائفر میں کہا گیا اگر اسے نہ ہٹایا تو نتائج بھگتنے ہوں گے،سائفر کا یہی متن تھا بانی پی ٹی آئی کو نہ ہٹایا تو نتائج ہوں گے؟ کیا آپ کہہ رہے ہیں بانی پی ٹی آئی نے جو کہا وہ درست تھا؟ کیا بانی پی ٹی آئی سچ بول رہے تھے؟،ایف آئی اے پراسیکیوٹر حامد علی شاہ نے جواب دیا بالکل یہی مسیج تھا، بانی پی ٹی آئی خود تسلیم کررہے ہیں،جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب نے کہا آپ اس کو چھوڑ دیں خود بتائیں کیا تھا جسے تبدیل کیا گیا۔

چیف جسٹس عامر فاروق نے کہا شاہ صاحب ایسے نہیں ہے، آپ سول معاملے کی بات کر رہے ہیں یہ کرمنل کیس ہے، کرمنل کیس میں پراسیکیوشن کواپنا کیس ثابت کرنا ہے اگر ملزم خود تسلیم بھی کر لے تو پراسیکیوشن کو کیس ثابت کر نا ہے، ایڈمیشن کا یہ مطلب نہیں پراسیکیوشن ڈسچارج ہو گئی،جج نے کہا آپ کہہ رہے ہیں، سائفر کا درست متن پبلک کردیا گیاتو پھر ہیراپھیری کیا ہوئی؟۔

دوسری جانب لانگ مارچ کے دوران وزیرآباد میں بانی پی ٹی آئی عمران خان پر حملے کے مقدمے میں ملوث 3ملزموں پر فرد جرم عائد کر دی گئی،دوران سماعت عدالت میں ملزموں کو فرد جرم پڑھ کر سنائی گئی،تینوں ملزموں نے صحت جرم سے انکار کر دیا،گوجرانوالہ کی خصوصی عدالت نے فرد جرم کی کارروائی کے بعد سماعت 25 مئی تک ملتوی کر دی۔