ثاقب نثار کی آڈیومحفوظ،پاکستان کو تباہ و برباد کرنےوالوں کا احتساب ہونا چاہیے،نواز

لاہور:( اپنے رپورٹر سے)سابق وزیراعظم وقائد ن لیگ نوازشریف نے کہاہے ثاقب نثار کی آڈیو میرے پاس محفوظ ہے،پاکستان کو تباہ و برباد کرنےوالوں کا احتساب ہونا چاہیے۔

سابق وزیراعظم وقائد ن لیگ نوازشریف نے پارٹی کے مرکزی سیکرٹریٹ ماڈل ٹاﺅن میں سنٹرل ورکنگ کمیٹی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا آج تک سمجھ نہیں آیا 1993ءمیں ہماری حکومت کا تختہ کیوں الٹا؟ اس وقت ملکی ترقی کےلئے جو ایجنڈا دیا اگر اس پر عمل ہوجاتا تو آج ہمارا ملک ایشیا میں سب سے آگے ہوتے، چین نے کہا سی پیک نوازشریف آپکے لیے تحفہ ہے، خیبرپختونخوا میں 2013 ءمیں انکی حکومت نہ بنتی اگر ہم مدد نہ کرتے، فضل الرحمن میرے اچھے دوست ہیں، ان سے درخواست کی 2013ءمیں پی ٹی آئی سنگل لارجسٹ پارٹی ہے، انہیں حکومت بنانے دیں، فضل الرحمن نے کہا آپکا فیصلہ درست ثابت نہیں ہوگا، پی ٹی آئی کو خیبرپختونخوا میں حکومت بننے میں رکاوٹ نہیں ڈالی،ہم نے آزاد کشمیر میں پی پی کی حکومت کو نہیں چھیڑا، ثاقب نثار کی لیک آڈیو میرے پاس محفوظ ہے، ثاقب نثار آڈیو میں کہہ رہے ہیں بانی پی ٹی آئی کو لانا ہے، نوازشریف اور مریم نواز کو جیل میں رکھنا ہے، کیا ثاقب نثار کی آڈیو لیک کا احتساب نہیں ہونا چاہیے؟، سب چیزیں ٹھیک ہوں گی تو ملک ٹھیک ہوگا، 70، 75سال سے احتساب ہوتا تو آج ہم مختلف قوم ہوتے، انہوں نے ملک کا بیڑہ غرق کیا، ایسے شخص کو لائے جس نے ملک میں تباہی مچادی، ہر چیز کی قیمت ہمارے دور میں مناسب سطح پر تھی۔

نواز شریف نے کہا پاکستان کو تباہ و برباد کرنے والوں کا احتساب ہونا چاہیے،ملک کو ایٹمی طاقت بنانے پرمارشل لاءلگا دیا گیا ، ملک کو ایٹمی طاقت بنانے والے وزیر اعظم کو سزائے موت دلوانے کی کوشش کی گئی ، حکومتوں کا تسلسل قائم رہتا تو دعوے سے کہتا ہوں پاکستان نہ صرف ایشیا بلکہ نیا میں ایک طاقت ہوتا اور دنیا میں مقام حاصل کر چکے ہوتے ،میں یہ بھی نہیں پوچھ سکتا بتائیں جج صاحب نے کیوں استعفیٰ دیا ، جو جج چیف جسٹس بننے والے تھے انہوں نے وقت سے پہلے کیوں استعفیٰ دیا وہ کیوں بھاگ گئے ان سے پوچھا جائے جو جج مظاہر اکبر نقوی فارغ کیے گئے ہیں آ پ نے اتنی جائیدادیں بنائی تھیں کیا آپ انہیںقوم کے سامنے لائے تھے ، آپ پر مقدمہ چلنا چاہیے ، آپ کو نیب میں ڈالنا چاہیے آپ بھی نیب بھگتیں ، میں اس حق میں ہوں قوم سے یہ سوال پوچھوں کہ آپ ووٹ دیتے وقت کیا یہ سوچتے ہیں کہ نواز شریف کی کارکردگی کیا تھی اور مخالفین کی کارکردگی کیا تھی ۔

سابق وزیراعظم نے کہا مجھے قوم سے بھی گلہ ہے ،میں دل کی بات کر رہا ہوں ، ایک وزیر اعظم کو جھوٹے کیس میں فارغ کر دیا جاتا ہے قوم خاموش بیٹھی رہی کہ کوئی بات نہیں ،اگر 70،75سالوں میں احتساب ہوتا رہتا تو آج ہم مختلف قوم ہوتے ہم مختلف راہ پر چل رہے ہوتے ،ایسے بندے کو لے کر آئے جس نے اور تباہی مچا دی۔

وزیر اعظم ون لیگ کے قائمقام صدر شہبازشریف نے سنٹرل ورکنگ کمیٹی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا آج پاکستان ایسے مقام پر کھڑا ہے اگر ہم سب نے مل کر کشتی کو منجدھار سے نکالنے کےلئے پوری کوشش نہ کی توآنے والی نسلیں معاف نہیں کریں گی ، میرا ایمان ہے نواز شریف قوم کو یکجا کر سکتے ہیں، اس سے بہتر موقع نہیں ہو سکتا کہ دکھی قوم کو آپ اکٹھا کریں اور اس قوم کو آگے لر کر چلیں، میںدوسری جماعتوں سے کہوں گا کہ نواز شریف کےساتھ مل کر اکٹھے ہوں اور اس قوم کے زخموں پر مرہم رکھیں، صحیح معنوں میں قائد اعظم کے خواب کی تعبیر کےلئے اکٹھے ہو جائیں، دن رات پاکستان کی ترقی و خوشحالی کےلئے آپس میں جڑ جائیں ۔

شہبازشریف نے کہاجب قائد ن لیگ نواز شریف کےساتھ صریحاً ظلم، زیادتی اور انصاف کے پرخچے اڑائے گئے اس کے نتیجے میں مجبوری کے طور پر کسی کو پارٹی کا وقتی طو رپر صدر منتخب کرنا تھا میں اپنے قائد نواز شریف اور آپ سب کا دل کی اتھاہ گہرائیوں سے شکر یہ ادا کرتا ہوں کہ آپ نے مجھے وہ امانت جو میرے قائد نواز شریف اور آپ نے سونپی تھی میں خدائے بزرگ و برتر کا جتنا بھی شکر ادا کروں کم ہے مجھ نا چیز اور خطاکار انسان کواللہ تعالی نے ہمت دی، طوفانوں میں آپ کے بھرپور تعاون کے ساتھ یہ ذمہ داری ادا کر سکا، اگر100 فیصد نہیں تو کافی حد تک آپ کے تعاون سے ذمہ داری ادا کی اور آج میرے لئے اس سے بڑھ کوئی اور اطمینان کا اور قلبی سکون کا مرحلہ نہیں ہو سکتا کہ یہ امانت اپنے بڑے بھائی قائد مسلم لیگ ن نواز شریف کے قدموںمیں دوبارہ نچھاور کر رہا ہوں ۔

وسری جانب مسلم لیگ ن کی سنٹرل ورکنگ کمیٹی نے شہبازشریف کا پارٹی صدارت سے استعفیٰ منظور کرتے ہوئے انہیں مستقل صدر کے انتخاب تک قائمقام صدر کی ذمہ داری سونپ دی ،صدر کے انتخاب کےلئے پارٹی کی جنرل کونسل کا اجلاس 28مئی کو طلب کرکے رانا ثناءکو الیکشن کمیشن کی سربراہی سونپ دی گئی ۔

، علاوہ ازیں مسلم لیگ ن کے صدر کے انتخاب کےلئے الیکشن کا شیڈول جاری کر دیا گیا،ن لیگ کی مرکزی مجلس عاملہ کے فیصلے کے مطابق صدر ن لیگ کے الیکشن کےلئے الیکشن کمیشن کااجلاس زیر صدارت چیف الیکشن کمشنررانا ثنا ہوا جس میں الیکشن کا شیڈول جاری کیا گیا ،شیڈول کے مطابق 27مئی کودفتر اوقات میں180ایچ ماڈل ٹاﺅن مرکزی دفتر مسلم لیگ ن سے کاغذات نامزدگی حاصل کیے جا سکتے ہیں،28مئی کو صبح 10بجے سے دوپہر12بجے تک کاغذات نامزدگی جمع کرائے جا سکتے ہیں،ایک بجے سے 2بجے کے درمیان کاغذات کی جانچ پڑتال ہوگی اور 4بجے مرکزی کونسل صدر مسلم لیگ ن کا انتخاب عمل میں لائے گی۔