طلبہ کیلئے غیر نصابی سرگرمیاں بھی انتہائی اہم ہوتی ہیں: خواجہ سلمان رفیق

لاہور (ہیلتھ رپورٹر) صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق نے علامہ اقبال میڈیکل کالج کے 36 ویں سالانہ سپورٹس ڈے کی تقریب میں بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔اس موقع پر پرنسپل پروفیسر ڈاکٹر سید اصغر نقی، پروفیسر محمود شوکت، پروفیسر مجید چوہدری، پروفیسر عائشہ عارف، پروفیسر خالد محمود، فیکلٹی ممبران اور طلباءو طالبات کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔سالانہ سپورٹس ڈے کے موقع پر طلباءو طالبات نے چاٹی ریس، رسہ کشی و دیگر مقابلوں میں حصہ لیا۔صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق نے مقابلوں میں پہلی، دوسری اور تیسری پوزیشن حاصل کرنے والے طلباءو طالبات میں میڈلز اور تعریفی اسناد تقسیم کیں۔صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق نے سپورٹس ڈے کی تقریب کے شرکاءسے اپنے خطاب میں کہاکہ طلباءو طالبات کیلئے تعلیم کے ساتھ ساتھ غیر نصابی سرگرمیاں بھی انتہائی اہم ہوتی ہیں۔ انہوں نے کہاکہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے جناح ہسپتال میں 11 سالہ بچے منصور کے کامیابی رینل ٹرانسپلانٹ پر سراہا ہے۔صوبائی وزیرصحت خواجہ سلمان رفیق نے مقابلوں میں پہلی، دوسری اور تیسری پوزیشن حاصل کرنے والے طلباءو طالبات اور فیکلٹی ممبران کو مبارکباد دی۔پرنسپل علامہ اقبال میڈیکل کالج پروفیسر سید اصغر نقی نے کہاکہ سپورٹس ڈے پر ہمیں ٹیم ورک کرنے کا سبق ملتا ہے۔ پروفیسر اصغر نقی نے سپورٹس ڈے کی تقریبات کے انتظامات پر ذمہ داران کو شاباش دی۔ دریں اثناءوزیر صحت خواجہ سلمان رفیق کی زیر صدارت علامہ اقبال میڈیکل کالج میں اجلاس منعقد ہوا۔اجلاس میں پرنسپل پروفیسر ڈاکٹر سید اصغر نقی، ایم ایس جناح ہسپتال ڈاکٹر یحییٰ سلطان، پروفیسر سجاد گورائیہ، برن یونٹ سے ڈاکٹر یاور، ڈاکٹر شبیر چوہدری، دیگر فیکلٹی ممبران اور وائے ڈی اے کے ممبران موجود تھے۔صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق نے اجلاس کے دوران جناح ہسپتال کے مختلف شعبہ جات کی استعدادکار بڑھانے کیلئے اقدامات کا تفصیلی جائزہ لیا۔صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق نے کہاکہ جناح ہسپتال لاہور کے مختلف شعبہ جات کی استعدادکار بڑھانے کی اشد ضرورت ہے۔جناح ہسپتال لاہور میں روزانہ ہزاروں کی تعداد سے مریض علاج کی غرض سے آتے ہیں۔ خواجہ سلمان رفیق نے کہاکہ جناح ہسپتال لاہور کے جگر اور معدے کے شعبہ جات میں بہتری لانے کے اقدامات اٹھائیں گے۔ صوبائی وزیرصحت خواجہ سلمان رفیق نے پرنسپل علامہ اقبال میڈیکل کالج پروفیسر ڈاکٹر سید اصغر نقی اور ایم ایس ڈاکٹر یحییٰ سلطان کو جناح ہسپتال میں بہتری کیلئے مزید معاملات کی نشاندہی کرنے کی ہدایت کی ۔صوبائی وزیرصحت نے جناح ہسپتال لاہور میں ہزاروں کی تعداد میں آنے والے مریضوں کا علاج کرنے والے ڈاکٹرز کو شاباش دی۔