اسلام آباد،راولپنڈی:(بیورورپورٹ)190 ملین پاونڈ کرپشن ریفرنس میں سابق وزیراعظم وبانی پی ٹی آئی عمران خان کی ضمانت منظور ،اسلام آباد ہائیکورٹ نے رہا کرنے کاحکم دےدیا۔
اسلام آباد ہائی کورٹ کے چیف جسٹس عامر فاروق اور جسٹس طارق محمود جہانگیری پر مشتمل ڈویژن بنچ نے محفوظ کیا گیا مختصر زبانی فیصلہ کھلی عدالت میں سنایا ،عدالت نے عمران خان کو10لاکھ روپے کے ضمانتی مچلکے جمع کرانے کی ہدایت کردی۔
بعدازاں اسلام آباد ہائیکورٹ نے تحریری فیصلہ جاری کرتے ہوئے کہانیب نے اعتراف کیا تحقیقات مکمل ہیں، ملزم کو مزید قید میں رکھنے سے کوئی فائدہ نہیں ہوگا، نیب پراسیکیوٹر نے خدشہ ظاہر کیا بانی پی ٹی آئی سیاسی شخصیت اور ریکارڈ ٹمپرنگ یا ٹرائل پر اثرانداز ہونے کی کوشش کرسکتے ہیں۔
عدالتی حکم نامے میں کہا گیا نیب کے تحفظات کا ریکارڈ پر کوئی جواز موجود نہیں، بانی پی ٹی آئی کی ضمانت بعد از گرفتاری کی درخواست منظور کی جاتی ہے، عمران خان10 لاکھ روپے کے مچلکے ٹرائل کورٹ میں جمع کرائیں، ریفرنس پر عدالتی آبزرویشنز عبوری نوعیت کی ہیں ٹرائل پر اثر انداز نہیں ہوں گی۔
دریں اثنا ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ اسلام آباد نے بانی پی ٹی آئی عمران خان کو تھانہ کھنہ میں درج لانگ مارچ توڑ پھوڑ کے 2 مقدمات میں بری کر دیا،جوڈیشل مجسٹریٹ صہیب بلال نے کہا شواہد ناکافی ہونے پر بانی پی ٹی آئی کی بریت درخواست منظور کی جاتی ہے۔
ادھر ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ اسلام آباد نے بانی پی ٹی آئی کےخلاف دفعہ 144کی خلاف ورزی پر درج مقدمات میں درخواست بریت پر فیصلہ محفوظ کرلیا، عدالت بانی پی ٹی آئی، شاہ محمود قریشی کی درخواست بریت پر فیصلہ 27جون کو سنائے گی،شیخ رشید، سیف نیازی، علی نواز اعوان، صداقت عباسی، فیصل جاوید کی درخواست پر بھی فیصلہ 27جون کو سنایا جائے گا۔
مزید برآں احتساب عدالت نے اڈیالہ جیل میں سکیورٹی خدشات کے پیش نظر 190 ملین پاونڈ ریفرنس میں جیل حکام کی استدعا منظورکرتے ہوئے سماعت بغیر کارروائی ملتوی کردی،احتساب عدالت اسلام آباد کے جج ناصر جاوید رانا نے اڈیالہ جیل میں سماعت کرنا تھی ، جیل حکام نے سکیورٹی خدشات کے پیش نظر سماعت ملتوی کرنے کی درخواست دی ۔
سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل کی جانب سے احتساب عدالت اسلام آباد کو لکھے گئے خط میں کہا گیا اڈیالہ جیل صوبے کی حساس ترین جیل ہے،اہم سیاسی شخصیات قید ہیں، عدالت سے استدعا ہے سکیورٹی خدشات کے باعث سماعت ملتوی کی جائے،جیل حکام کی جانب سے خط میں کہا گیا حکومت پنجاب سے موصول رپورٹ کے مطابق میانوالی،ڈیرہ غازی خان،راولپنڈی اور اٹک جیل کو سکیورٹی تھریٹس ہیں،بعدازاں احتساب عدالت نے جیل حکام کی درخواست منظور کرلی۔
علاوہ ازیں اسلام آباد کی عدالت میں عدت نکاح کیس میں سزا کےخلاف عمران،بشریٰ کی اپیلوں پر سماعت ہوئی، عدالت نے شکایت کنندہ خاور مانیکا کے وکیل راجہ رضوان عباسی کو 23 مئی کو دلائل دینے کی ہدایت کر دی۔
دوران سماعت معاون وکیل نے کہا رضوان عباسی بیرون ملک جا رہے ہیں، بانی پی ٹی آئی کے وکیل سلمان اکرم راجہ نے کہا جو سزا سنائی گئی وہ صرف فراڈ کی شادی پر ہو سکتی ہے،عمران،بشریٰ کے نکاح کےخلاف کوئی ثبوت موجود ہی نہیں ، صرف الزامات ہیں، کیس کے دوران ایک وکیل غائب ہوجاتا ہے ، عدالت معاملے کو سنجیدہ لے، جج شاہ رخ ارجمند نے رضوان عباسی کو آئندہ سماعت پر ویڈیو لنک کے ذریعے دلائل دینے یا تحریری طور پر جمع کرانے کا حکم دیتے ہوئے سماعت ملتوی کردی۔
دوسری جانب وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور کی جی ایچ کیو حملہ کیس سمیت 11 مقدمات میں ضمانت منظور کرلی گئی،انسداد دہشتگردی عدالت راولپنڈی کے جج ملک اعجاز آصف نے ضمانت درخواستوں پر سماعت کرتے ہوئے علی امین گنڈاپور کی 11مقدمات میں ضمانتیں منظور کیں،وزیراعلیٰ کوتھانہ سول لائنز میں درج مقدمے میں آ ج حاضری سے استثنیٰ بھی مل گیا،عدالت نے شبلی فراز، راجہ بشارت، زرتاج گل اور زین قریشی سمیت 20سے 25ملزموں کی ضمانت بھی کنفرم کرتے ہوئے9مئی کے مقدمات کی سماعت 28مئی تک ملتوی کردی،آئندہ سماعت اڈیالہ جیل میں ہوگی۔
190 ملین پاونڈ کرپشن ریفرنس ،عمران کی ضمانت،رہائی کاحکم، 2 مقدمات میں بری
















